چین سے تاریخ میں پہلی مرتبہ ٹرین تجارتی سامان لیکر افغانستان پہنچ گئی۔
افغان وزارت صنعت و تجارت کا کہنا ہے کہ وزیر تجارت و صنعت نور الدین عزیزی کے چین، قازقستان اور ازبکستان کے مسلسل دوروں اور کوششوں کے نتیجے میں چین سے تجارتی سامان کا پہلا مجموعہ ٹرین کے ذریعے ملک پہنچ گیا۔
افغان وزارت صنعت و تجارت کے پریس آفس سے باختر ایجنسی کو دی گئی معلومات کے مطابق یہ کارگو جس میں مختلف تجارتی سامان پر مشتمل کل 55 کنٹینرز ہیں، یہ چین سے روانہ کیا گیا اور قازقستان اور ازبکستان کے راستے ہفتے کے سہ پہر افغانستان کے شمالی شہر مزار شریف پہنچ گیا۔
بتایا گیا ہے کہ ٹرین کے ذریعے تجارتی سامان کی یہ کھیپ چین سے روانہ ہوکر 22 دنوں میں افغانستان پہنچ گئی ہے۔ جس کے ذریعے ملک کا کچھ برآمدی سامان متعلقہ ممالک کو بھیجنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
دریں اثنا افغان وزیر دفاع مولوی محمد یعقوب مجاہد نے آج چین کے خصوصی نمائندے برائے افغانستان یوشیایونگ اور کابل میں چین کے سفیر ژاؤشینگ سے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔
افغان وزارت دفاع کے مطابق وزیر قومی دفاع نے چین کو ایک اچھا پڑوسی اور افغانستان کے عوام کا اہم شراکت دار قرار دیا اور متعلقہ شعبوں میں تعاون کے حوالے سے اپنی وزارت کے عزم کی یقین دہانی کرائی۔
۔