لوک گائیکی کی ملکہ کہلانے والی شازیہ خشک نے گلوکاری کو ہمیشہ کے لیے خداحافظ کہتے ہوئے اپنے مداحوں کو یہ پیغام دیا ہے کہ وہ آئندہ کی زندگی اسلامی تعلیمات کے مطابق بسر کریں گی۔
فوک سنگر شازیہ خشک نے گزشتہ روز میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گلوکاری کو ہمیشہ کے لیے چھوڑ دینے کا فیصلہ میں نے بہت سوچ سمجھ کر کیا ہے اور اب میں زندگی بھر اسلام کی خدمت کو اپنا شعار بنانا چاہتی ہوں۔ زندگی اسلام کے لیے وقف کردی ہے اور گلوکاری کی طرف واپسی کا آئندہ کوئی ارادہ دور دور تک نہیں۔
یہ بھی پڑھیں: جنوبی ایشیا کے مشہور ترین ہیرو وحید مراد کی سالگرہ آج دنیا بھر میں منائی جا رہی ہے
پاکستان کی ہر صوبائی زبان میں اپنی آواز کا جادو جگانے والی گلوکارہ شازیہ خشک نے بتایا کہ میں نے اس سے قبل دنیا کے ہر ملک میں ایک پاکستانی گلوکارہ کی حیثیت سے گلوکاری کی اور اب بھی بیرون ملک سے متعدد دعوتیں دی گئیں، تاہم میں نے سب کو شکریہ کہہ کر معذرت کر لی ہے۔
شازیہ خشک نے اپنے مداحوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ 25 سال تک مسلسل میرے گیتوں کو پسند کرنے والے تمام لوگوں کی دل کی گہرائیوں سے شکر گزار ہوں، لیکن مجھے امید ہے کہ اسلامی تعلیمات کے لیے زندگی وقف کرنے کے فیصلے سے کسی کو بھی کوئی اختلاف نہیں ہوگا۔
یاد رہے کہ اس سے قبل پاکستان کے مایہ ناز لیجنڈری فنکار فردوس جمال کے بیٹے اور ڈرامہ ایکٹر حمزہ فردوس نے اعلان کیا کہ وہ پاکستان میں مزید اداکاری نہیں کریں گے اور جلد پاکستان چھوڑ دیں گے۔حمزہ فردوس نے کہا کہ میں اس وقت تین ٹی وی پروجیکٹس پر کام کر رہا ہوں جن میں ڈرامہ سیریل ملالِ یار اور بن بادل برسات شامل ہیں۔
مزید پڑھیں: اداکار حمزہ فردوس جمال کا ملک میں مزید کام نہ کرنے اور پاکستان چھوڑنے کا اعلان