اسلام آباد سمیت مختلف شہروں میں شدید دھند آج بھی برقرار ہے۔ موٹر وے کو حدِ نگاہ کم ہونے کیے باعث مختلف مقامات سے ٹریفک کیلئے بندکردیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد کو شدید دھند نے لپیٹ میں لے لیا۔ حد نگاہ انتہائی کم ہونے پر ہر چیز نظروں سے اوجھل ہونے لگی۔ اسلام آباد ائیرپورٹ پر دھند کے باعث فلائٹ آپریشن معطل کردیا گیا جبکہ سڑکوں پر ٹریفک کی روانی بھی متاثر ہورہی ہے۔
ترجمان موٹر وے پولیس کا کہنا ہے کہ موٹر وے ایم 2 پر اسلام آباد سے لاہور جانے والی ٹریفک کوروک دیا گیا۔موٹر وے ایم 1 پشاور سے برہان تک جبکہ موٹر وے ایم 14داؤد خیل سے یارک تک حدِ نگاہ کم ہونے کے باعث بند کردی گئی ہے۔
سوات ایکسپریس کرنل شیرخان سے اسماعیلیہ تک ہر قسم کی ٹریفک کیلئے بند ہے جبکہ ترجمان موٹر وے پولیس عمران احمد نے کہا کہ قومی شاہراہوں پر موسم سرد ہونے کے ساتھ دھند کی شدت اور دورانیے میں اضافہ ہوگیا ہے۔
موٹر وے پولیس کا کہنا ہے کہ سڑک استعمال کرنے والے شہری دن کے اوقات میں سفر کو زیادہ ترجیح دیں۔ گاڑی کے آگے اور پیچھے فوگ لائٹس کا استعمال کرتے ہوئے غیر ضروری سفر سے گریز کریں تاکہ حادثات سے بچا جاسکے۔