اسلام آباد: یونیورسٹی گرانٹس کمیشن آف انڈیا نے طلبا کو پاکستان میں اعلی تعلیم حاصل نہ کرنے کا مشورہ دیا ہے، جس کی پاکستان نے شدید مذمت کی ہے۔
تفصیلات کے مطابق دفترخارجہ کی جانب سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق یونیورسٹی گرانٹس کمیشن آف انڈیا نے طلبا کو پاکستان میں اعلی تعلیم حاصل نہ کرنے کا مشورہ دیا ہے، اور انہیں خبردار کیا ہے کہ اگر وہ پاکستان میں تعلیم حاصل کرنا چاہتے ہیں تو انہیں ملازمت سےنکال دیا جائے گا۔
یونیورسٹی گرانٹس کمیشن آف انڈیا و آل انڈیا کونسل فار ٹیکنیکل ایجوکیشن کی طرف سے پاکستان میں اعلی تعلیم کے حوالے سے مشترکہ بیان اور عوامی نوٹس پر پاکستان نے شدید مذمت کی ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ عاصم افتخار کا کہنا تھا کہ پبلک نوٹس کا لہجہ نہ صرف طلبا کے لیے خطرہ ہے بلکہ ظالمانہ آمریت کا بھی اظہار کرتا ہے، یہ افسوسناک ہے کہ حکومت ہند طلبا کوپسند کی معیاری تعلیم سے روک رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پبلک نوٹس کے مندرجات نے بی جے پی، آر ایس ایس کے اتحاد کی گہری نظریاتی دشمنی اور پاکستان کے خلاف دائمی دشمنی کو مزید بے نقاب کر دیا ہے، بھارتی حکومت نے ملک میں ہائپر نیشنلزم کو ہوا دینے کے لیے ایسی حرکتیں کی ہیں۔
ترجمان دفتر خارجہ نے مزید کہا کہ ہم نے مذکورہ پبلک نوٹس کے حوالے سے بھارتی حکومت سے وضاحت طلب کی ہے، پاکستان بھارت کے اس کھلم کھلا امتیازی اور ناقابل بیان اقدام کے جواب میں مناسب اقدامات کرنے کا حق محفوظ رکھتا ہے۔
یاد رہے کہ بھارت کی یونیورسٹی گرانٹس کمیشن نے بھارتی شہریوں کو اعلیٰ تعلیم کی غرض سے پاکستان کا سفر نہ کرنے کی تجویز دے دی۔
بھارتی ٹی وی کے مطابق آل انڈیاکونسل فار ٹیکنیکل ایجوکیشن اور یونیورسٹی گرانٹس کمیشن کے اعلیٰ عہدیداروں کی جانب سے جاری نوٹس میں کہا گیا کہ طلبہ اعلیٰ تعلیم کیلئے پاکستان کا سفر نہ کریں۔نوٹس میں کہا گیا تھاکہ کوئی بھی بھارتی شہری یا بیرون ملک مقیم بھارتی شہری کسی بھی پاکستانی تعلیمی ادارے میں یا ڈگری پروگرام میں داخلہ لینا چاہتا ہے، وہ بھارت میں ملازمت یا اعلی تعلیم کے لیے اہل نہیں ہوگا۔