اسلام آباد: وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی ہمسایہ دوست ملک چین کے 2 روزہ سرکاری دورے کیلئے آج روانہ ہوں گے جس کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی 2 روزہ سرکاری دورے کے دوران چین کی اعلیٰ قیادت سے اہم ملاقاتیں کریں گے جن کے دوران پاک چین تعلقات پر تبادلۂ خیال کیا جائے گا۔
چینی حکومت کی اعلیٰ قیادت سے ملاقاتوں کے دوران وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی پاک چین اقتصادی راہداری منصوبہ (سی پیک)، باہمی تعاون اور خطے کی سیکورٹی سمیت اہم امور پر گفتگو کریں گے۔
وزارتِ خارجہ ذرائع کے مطابق چینی صدر ژی جن پنگ کے متوقع دورۂ پاکستان کے حوالے سے بھی وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی اور چینی قیادت کی ملاقاتوں کے دوران گفت و شنید ہوگی۔
یاد رہے کہ اِس سے قبل پاکستان میں چین کے سفیر یاؤ جِنگ نے قوم کو یوم آزادی کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ چین ہمیشہ پاکستان کا مضبوط شراکت دار اور قریبی دوست رہے گا۔
انہوں نے کہا کہ میری نیک خواہشات پوری پاکستانی قوم کے ساتھ ہیں۔ بحیثیت قوم پاکستان تمام تر مشکلات اور پریشانیوں پر قابو پانے کے لچک اور طاقت کا حامل ہے۔
مزید پڑھیں: چین پاکستان کا مضبوط شراکت دار اور دوست رہے گا۔یاؤ جِنگ