اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان اور سری لنکا کے مابین باہمی تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے وسیع مواقع موجود ہیں جن سے استفادہ دونوں ممالک کے لیے سود مند ثابت ہو گا۔
وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی وفد کے ہمراہ صدارتی سیکرٹریٹ کولمبو گئے ۔وزیر خارجہ نے سری لنکا کے نو منتخب صدر گو ٹابایا راجا پاکسا سے ملاقات کی ۔دوران ملاقات دو طرفہ تعلقات، خطے کی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔
ڈی جی جنوبی ایشیا و ترجمان وزارت خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل، سری لنکا میں پاکستانی ہائی کمیشن کے سینئر حکام بھی اس موقع پر موجود تھے ۔وزیر خارجہ نے صدر گو ٹابایا راجا پاکسا کو پاکستان کی قیادت اور عوام کی طرف سے سری لنکا کے ساتویں صدر منتخب ہونے پر دلی مبارکباد پیش کی۔
وزیر خارجہ نے صدر سری لنکا کو صدر پاکستان عارف علوی کی جانب سے تہنیتی خط بھی دیا جس میں صدر سری لنکا کو مبارکباد کے ساتھ ساتھ دورہ ء پاکستان کی دعوت دی گئی ہے ۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہمارے لیے یہ امر بھی قابل مسرت ہے کہ 70 کی دہائی میں پاکستان سے عسکری تربیت حاصل کرنے والی شخصیت، آج سری لنکا کی صدارت کا منصب سنبھالے ہوئے ہے ۔
یہ بھی پڑھیں: سری لنکا اور پاکستان ایک دوسرے کی حمایت کرتے آئے ہیں۔شاہ محمود قریشی