اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے بدھ کے روز فلسطینی عوام کے حقوق اور ان کی منصفانہ جدوجہد کے لیے پاکستان کی حمایت کا اعادہ کیا۔
شاہ محمود قریشی نے او آئی سی کی وزرائے خارجہ کونسل کے 48ویں اجلاس کے موقع پر فلسطینی وزیر خارجہ ڈاکٹر ریاض المالکی سے ملاقات کی۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ پاکستان کا اصولی موقف پاکستانی عوام کے جذبات کی عکاسی کرتا ہے۔
فسلطین کے وزیر خارجہ نے اقوام متحدہ اور اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) سمیت فلسطین پر پاکستان کی غیر متزلزل حمایت اور اصولی موقف پر شکریہ ادا کیا۔
دونوں وزرائے خارجہ نے علاقائی اور بین الاقوامی امور پر تبادلہ خیال کے علاوہ پاکستان اور فلسطین کے درمیان دوطرفہ تعلقات کا بھی جائزہ لیا۔
ایک الگ ملاقات میں وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کرغستان کے اپنے ہم منصب سے ملاقات کی اور دوطرفہ تعلقات اور کثیر الجہتی تعاون کا جائزہ لیا،جس میں تجارت و سرمایہ کاری، دفاع اور سلامتی کے ساتھ ساتھ رابطوں کے ایجنڈے سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
دونوں وزرائے خارجہ نے CASA-1000 منصوبے پر ہونے والی پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا اور اس کی بروقت تکمیل کے عزم کا اظہار کیا۔ دونوں فریقین نے تعلیم کے شعبے میں عوام کے درمیان رابطوں اور تعاون کو بڑھانے پر بھی اتفاق کیا۔ اس موقع پر پاکستانی طلباء اور تارکین وطن کی فلاح و بہبود سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
مزید پڑھیں: شاہ محمود قریشی کی ترکمانستان کے وزیر خارجہ سے ملاقات، دوطرفہ تعاون پر گفتگو