اسلام آباد:وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے ترک ہم منصب سے ٹیلیفونک رابطہ کیا اور گستاخانہ خاکوں کے خلاف ترک صدر کے ٹھوس موقف کی تعریف کی۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ترک ہم منصب کو ترکی کے 97 ویں ریپبلک دن کی مبارک باد دی۔ اس موقع پر ترک وزیر خارجہ میولوت چاوش اولو نے کہا اسلامو فوبیا کے حوالے سے وزیراعظم عمران خان کا بیان قابل ستائش ہے۔
دوسری جانب وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے افغان وزیر خارجہ محمد حنیف آتمر سے بھی ٹیلیفونک رابطہ کیا جس میں افغان امن عمل، خطے میں سلامتی کی صورتحال اور باہمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان اور افغانستان کے مابین تاریخی برادرانہ تعلقات ہیں، پاکستان، خوشحال، پر امن اور مستحکم افغانستان کا خواہاں ہے، خطے میں استحکام افغانستان میں قیام امن کے ساتھ وابستہ ہے، افغان شہریوں کی سہولت کیلئے پاکستان نے نئی ویزا پالیسی کا اجراء کیا ہے۔
مخدوم شاہ محمود قریشی نے پاکستان میں افغان ویلوسی جرگہ کے اراکین کی ملاقات سے بھی آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا بین الافغان مذاکرات کی صورت میں افغان قیادت کے پاس امن کا بہترین موقع ہے۔