قومی کرکٹ ٹیم اور انگلینڈ کے درمیان پہلا ون ڈے میچ آج کھیلا جائے گا جبکہ حارث سہیل میزبان ٹیم کے خلاف کھیلی جانے والی سیریز سے باہر ہوگئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان اور انگلینڈ کی کرکٹ ٹیمیں 3 ایک روزہ میچز کی سیریز میں پہلا میچ آج کارڈف میں کھیلیں گی۔ پاکستانی وقت کے مطابق یہ میچ شام 5 بجے شروع ہوجائے گا۔
انگلینڈ کے خلاف پہلے میچ سے قبل قومی کرکٹ ٹیم نے بھرپور پریکٹس کی۔ آج کے میچ کے متعلق کپتان بابر اعظم نے کہا کہ انگلینڈ ایک چیمپین ٹیم ہے جس سے مقابلہ آسان نہیں سمجھ سکتے۔
پاکستانی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا کہ انگلینڈ کے کھلاڑی ہمارے لیے نئے ضرور ہیں لیکن ہم انہیں جانتے ہیں۔ میچ میں ہماری حکمتِ عملی واضح ہے، کھلاڑیوں پر 100فیصد اعتماد کرتے ہیں۔
قبل ازیں قومی کرکٹ ٹیم کے مڈل آرڈر بیٹسمین حارث سہیل ون ڈے سیریز سے باہر ہوگئے۔ پی سی بی کے مطابق حارث کو انجری کے باعث انگلینڈ کے خلاف سیریز سے باہر کیا گیا۔
بدھ کے روز حارث سہیل کا ایم آر آئی اسکین کیا گیا۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق ایم آر آئی اسکین سے پتہ چلا ہے کہ مڈل آرڈر بیٹسمین حارث تیسرے درجے کی انجری کا شکار ہوچکے ہیں۔
ڈاکٹروں نے بائیں ہاتھ سے بیٹنگ کرنے والے حارث سہیل کو 4 ہفتے کیلئے مکمل بیڈ ریسٹ کی تجویز دے دی۔ ان کی جگہ قومی اسکواڈ میں صہیب مقصود کو شامل کیے جانے کے امکانات ہیں۔
کرکٹ بورڈ کے مطابق حارث سہیل وطن واپس پہنچیں گے اور قومی ہائی پرفارمنس سینٹر میں ری ہیپ پروگرام میں حصہ لیں گے۔ انہیں ون ڈے سیریز میں اسکواڈ کا حصہ بنایا گیا تھا۔
خیال رہے کہ پاکستان کے خلاف ون ڈے سیریز کھیلنے سے قبل انگلینڈ کی کرکٹ ٹیم کورونا کے نشانے پر آگئی، انگلش کرکٹ بورڈ نے نئے اسکواڈ کا اعلان کردیا۔
رواں ہفتے پاکستان کے خلاف ون ڈے سیریز کھیلنے سے قبل میزبان کرکٹ ٹیم کے 3 کھلاڑیوں اور 4 معاون اسٹاف ممبران کے کورونا ٹیسٹ کا نتیجہ مثبت نکل آیا جن میں کپتان ایون مورگن بھی شامل تھے۔
مزید پڑھیں: پاکستان کیخلاف سیریز سے قبل انگلش ٹیم کورونا کاشکار،نئی ٹیم کا اعلان