اسلام آباد: تھانہ بنی گالہ کی حدود ملوٹ میں مقامی شہریوں کی قیمتی اراضی پر قبضہ کرنے کے دوران بااثر قبضہ مافیا کے کارندوں کی فائرنگ سے ایک شہری جاں بحق ہو گیا۔
افسوسناک واقعہ پر پولیس نے ایکشن لیتے ہوئے پی ٹی آئی کے سینیئر وزیر اور پارک ویو سوسائٹی کے مالک علیم خان سمیت دیگر افراد کے خلاف دہشتگردی ، قتل، اقدام قتل سمیت دس سنگین دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا ہے جبکہ پولیس حکام نے مجرمانہ غفلت برتنے اور ملزمان کی پشت پناہی کرنے والے ایس ایچ او تھانہ بنی گالہ کو فوری طور پر معطل کر دیا ہے۔
واقعہ کا مقدمہ نمبر 29/2021 شہری سید تصدق حسین شاہ کی مدعیت میں درج کیا گیا۔ مدعی مقدمہ کے مطابق ملزمان کی فائرنگ سے چوہدری گلباز کی گردن میں بائیں جانب گولی لگی جبکہ نصیر حسین شاہ کے سر کے بائیں جانب کنپٹی کے اوپر فائر لگا۔جس سے دونوں شدید زخمی ہوئے۔
پولیس کے مطابق ملزمان نے قبضہ کی جانے والی اراضی کو جانے والے تمام راستے بند کر رکھے تھے تاکہ کوئی آ جا نہ سکے۔ راستے بند ہونے کی وجہ سے چوہدری گلباز کو پمز ہسپتال پہنچانے میں تاخیر ہوئی اور وہ راستے میں ہی دم توڑ گیا۔
ایف آئی آر کے متن کے مطابق پارک ویو سوسائٹی کے مالک علیم خان، ملک طاہر، مرزا نوید، فضیل ولد نذیر اور سہیل ولد فضیل کے ایماء پر ملزمان نے فائرنگ کی۔ پولیس نے موقع سے دو ملزمان فیصل رحمان اور قاسم علی کو اسلحہ سمیت گرفتار کرلیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:موٹر سائیکل چوری کا مقدمہ درج نہ کرنے پر شہری کا صدر تھانے کے باہر احتجاج