کراچی میں خوف کا راج ہے، شہرِ قائد کے علاقے نارتھ ناظم آباد میں گاڑی پر فائرنگ کے نتیجے میں آٹو پارٹس کا 55سالہ تاجر آصف جاں بحق ہوگیا۔
نجی ٹی وی ایکسپریس نیوز کی رپورٹ کے مطابق کراچی کے علاقے نارتھ ناظم آباد میں فائرنگ کا واقعہ اصغر علی شاہ اسٹیڈیم، حسرت موہانی لائبریری کے قریب پیش آیا۔ مسلح ملزمان نے کار پر فائرنگ کرکے آٹو پارٹس کی دکان کے مالک کو قتل کردیا۔
رپورٹ کے مطابق ایس ایچ او نارتھ ناظم آباد عدیل احمد نے بتایا کہ مقتول کی شناخت 55 سالہ آصف کے نام سے کی گئی جو کہ ایم اے جناح روڈ اورنگزیب مارکیٹ میں موٹر سائیکلوں کے اسپئر پارٹس کی دکان کا مالک تھا اور دکان سے اپنے گھر نارتھ ناظم آباد بلاک اے جا رہا تھا۔
فائرنگ کے وقت کار میں مقتول کا بھائی اور ایک ملازم بھی ہمراہ تھے جو فائرنگ سے محفوظ رہے۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق مقتول آصف کار خود چلا رہا تھا۔ موٹر سائیکل سوار مسلح افراد نے کار روکنے کا اشارہ کیا تو انہوں نے گاڑی روکنے کی بجائے پیچھے لے جانے کی کوشش کی۔
اس دوران ملزمان نے فائرنگ کردی اور گولی دائیں جانب بغل سے سینے میں اتر گئی، واقعے کے نتیجے میں آصف شدید زخمی ہوگیا جسے تشویشناک حالت میں قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا، تاہم وہ جانبر نہ ہوسکا اور ڈاکٹروں نے معائنے کے بعد آصف کے انتقال کی تصدیق کردی۔
موٹر سائیکل سوار ملزمان پہلے ہی جائے وقوعہ سے فرار ہوگئے تھے۔ مقتول کی میت کو عباسی شہید اسپتال منتقل کردیا گیا۔ ایس ایچ او کا کہنا ہے کہ ملزمان نے متاثرہ افراد سے لوٹ مار نہیں کی تاہم واقعے کے تمام پہلوؤں پر تفتیش کی جارہی ہے۔