کراچی کے علاقے فیڈرل بی ایریا میں افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے۔ گھر میں فائرنگ کے نتیجے میں باپ کے ہاتھوں 11 ماہ کی بیٹی جاں بحق ہوگئی۔
تفصیلات کے مطابق فیڈرل بی ایریا میں فائرنگ سے 11 ماہ کی بچی جاں بحق ہوگئی۔ کراچی پولیس کا کہنا ہے کہ بچی والد کے ہاتھوں فائرنگ کے نتیجے میں قتل ہوئی ہے۔ حادثے کی وجہ اتفاقیہ گولی چلنے کو قرار دیا جارہا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ بچی کا باپ پستول صاف کر رہا تھا کہ گولی چل گئی۔ فائرنگ کے نتیجے میں غلطی سے بیٹی کو قتل کر بیٹھنے والے والد کوگرفتار کرلیا گیا۔ پولیس نے حادثے کی وجہ بننے والے پستول کو بھی قبضے میں لے لیا۔
افسوسناک واقعے کے متعلق پولیس کا مزید کہنا ہے کہ گولی 11 ماہ کی بچی کے سر پر لگی جس سے وہ موقعے پر جاں بحق ہوگئی ہے۔ فائرنگ کا یہ واقعہ فیڈرل بی ایریا کے علاقے بانٹوا ٹاؤن میں پیش آیا۔
فائرنگ سے جاں بحق بچی کے والد بلال کو گرفتار کرلیا گیا۔ بچی کی شناخت عنایت بنت بلال کے نام سے ہوئی ہے۔ بچی کو گولی لگنے کے بعد اہلِ خانہ نجی ہسپتال پہنچے تو ڈاکٹروں نے بچی کے انتقال کی تصدیق کردی۔
یہ انکشاف سامنے آنے کے بعد کہ بچی کا انتقال گولی چلنے سے ہوا، پولیس نے بچی کے والد بلال کو گرفتار کرلیا اور اس کے قبضے سے پستول بھی برآمد کیا جو لائسنس یافتہ ہے۔ بچی کی لاش ضابطے کی کارروائی کیلئے عباسی شہید ہسپتال منتقل کی گئی ہے۔