صوبائی دارالحکومت لاہور میں بھائی نے اپنے ہی بھائی کے گھر میں گھس کر جائیداد کے تنازعے پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں بھائی قتل جبکہ بھابھی اور بھتیجی زخمی ہو گئی ہیں۔ ملزم گرفتار نہ ہوسکا۔
تفصیلات کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ لاہور کے علاقے شیرا کوٹ میں پیش آیا جہاں سابق پولیس اہلکار اعجاز کے بھائی نے گھر میں گھس کر فائرنگ کی۔ پولیس کے مطابق دونوں بھائی جائیداد کے مسئلے پر پہلے بھی تنازعات کا شکار رہے۔ فائرنگ کے نتیجے میں اعجاز موقعے پر ہی دم توڑ گیا جبکہ اس کی بیوی اور بیٹی شدید زخمی ہیں۔
پولیس نے واقعے کی اطلاع ملنے پر کارروائی کرتے ہوئے سابق پولیس اہلکار کی لاش اور زخمیوں کو ہسپتال منتقل کردیا ہے جبکہ ملزم کی تلاش جاری ہے۔ ڈاکٹرز کے مطابق فائرنگ سے زخمی ہونے والی اعجاز کی بیوی اور بیٹی کی حالت تشویشناک ہے۔
مقامی تھانے میں واقعے کا مقدمہ درج کر لیا گیا۔ پولیس کے مطابق اعجاز کا بھائی علی کھوکھر پہلے بھی مجرمانہ سرگرمیوں کے باعث سزا یافتہ اور عادی مجرم ہے۔ علی کھوکھر کو گرفتار نہیں کیا جاسکا تاہم واقعے پر تفتیش جاری ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کو جلد گرفتار کرکے کیفرِ کردار تک پہنچائیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: گھریلو جھگڑے پر فائرنگ، بیٹے کے ہاتھوں والد، ماموں اور نانا قتل