کراچی کے علاقے مہران ٹاؤن میں واقع کیمیکل فیکٹری میں آگ لگ گئی جس کے نتیجے میں ایک فیکٹری مزدور جاں بحق جبکہ ریسکیو اہلکار زخمی ہوگیا۔
تفصیلات کے مطابق فائر بریگیڈ حکام نے مہران ٹاؤن کیمیکل فیکٹری میں لگنے والی آگ کو تیسرے درجے کی آگ قرار دے دیا ہے جسے بجھانے میں وقت لگے گا۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق 15 سے 20 مزدور فیکٹری کے اندر کام کر رہے تھے جب آگ لگی۔
شہرِ قائد کے علاقے مہران ٹاؤن میں کیمیکل فیکٹری آتشزدگی کے ریسکیو آپریشن کے دوران ایدھی کا رضا کار زخمی ہوگیا جسے طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ ایم ڈی واٹر بورڈ کے مطابق لانڈھی اور شیر پاؤ ہائیڈرنٹس پر ایمرجنسی نافذ کردی گئی۔
ایم ڈی واٹر بورڈ نے کہا کہ جائے حادثہ کی طرف متعدد ٹینکرز اور فائر ٹینڈرز روانہ کردئیے گئے ہیں۔ فائر بریگیڈ اور ریسکیو اہلکاروں کے ساتھ ساتھ قانون نافذ کرنے والے ادارے بھی جائے حادثہ پر پہنچ گئے۔ متاثرین کو ریسکیو کرنے کا عمل جاری ہے۔
خیال رہے کہ اِس سے قبل کراچی کے علاقے محمد علی سوسائٹی میں واقع گھر میں آگ لگ گئی، دم گھٹنے کے نتیجے میں 2 خواتین سمیت 5 افراد جاں بحق ہو گئے۔
یہ افسوسناک واقعہ کراچی کے علاقے محمد علی سوسائٹی میں 15 روز قبل میراں شاہ روڈ پر واقع ایک گھر میں پیش آیا۔ آگ لگنے سے پیدا ہونے والے دھوئیں کی وجہ سے دم گھٹنے سے 2 خواتین سمیت 5افراد جاں بحق ہوئے۔
مزید پڑھیں: گھر میں آگ لگ گئی، دم گھٹنے سے 2خواتین سمیت 5افراد جاں بحق