کراچی کے علاقے ڈیفنس ہاؤسنگ اتھارٹی کے فیز 8 میں واقع دو دریا کے ریسٹورنٹ میں آگ لگنے سے بھاری نقصان ہوا ہے، حکام کا کہنا ہے کہ ریسٹورنٹ کا مکمل انفراسٹرکچر تباہ ہوگیا۔
تفصیلات کے مطابق دو دریا کے علاقے میں ایک ریسٹورنٹ میں بدھ کی شب لگنے والی آگ پر طویل وقت کی انتھک کوششوں کے باعث قابو پالیا گیا ہے۔ ریسکیو ایجنسی کا کہنا ہے کہ آگ پر قابو پائے جانے کے بعد کولنگ کا عمل جاری ہے۔
نجی ٹی وی ڈان نیوز کا ریسکیو 1122 کے اہلکار حسن خان کے حوالے سے بتانا ہے کہ جس وقت آگ لگی اس وقت ریسٹورنٹ میں کوئی موجود نہیں تھا، ابتدائی طور پر دو فائر ٹینڈرز کی روانگی کے بعد مسئلہ سنگین محسوس ہونے پر مزید 2 فائر ٹینڈرز بھی طلب کرلیے گئے۔
نجی ریسٹورنٹ میں لکڑی کے انفراسٹرکچر کے باعث آگ تیزی سے پھیلی، حسن خان کا کہنا تھا کہ آگ پر قابو پانے کیلئے 4فائر ٹینڈرز نے ڈیڑھ گھنٹے تک مسلسل کام کیا تاہم ریسٹورنٹ کا انفراسٹرکچر مکمل طور پر تباہ ہوگیا۔ آگ لگنے کی وجوہات پر تحقیقات جاری ہیں۔
دوسری جانب ڈی آئی جی (جنوبی) سیّد اسد رضا کا کہنا ہے کہ آگ دو دریا میں ایک خالی ریسٹورنٹ میں لگی، پولیس نے واقعے کی اطلاع ملتے ہی فوری طور پر جائے وقوعہ کو گھیرے میں لے لیا۔ ریسٹورنٹ گزشتہ چار پانچ سالوں سے بند پڑا تھا۔