سکھر: کراچی سے لاہور جانے والی ٹرین کراچی ایکسپریس کی بوگی میں آگ لگ گئی جس کے نتیجے میں 4 بچوں سمیت 7 افراد جاں بحق ہوگئے۔
پاکستان ریلوے ذرائع کے مطابق خیرپور میں گمبٹ اسٹیشن کے قریب ٹنڈومستی میں کراچی سے لاہور جانے والی والی کراچی ایکسپریس کی بوگی نمبر 17 میں اچانک آگ بھڑک اٹھی۔
ذرائع کے مطابق واقعے میں 4 بچوں سمیت 7 افراد جاں بحق ہوئے، آگ لگنے کے دوران خاتون نے چلتی ٹرین سے چھلانگ لگائی جس سے ہلاکت ہوئی جبکہ ایک شخص متاثرہ بوگی میں جھلس کردم توڑ گیا، جس کی شناخت نہیں ہوسکی۔
ٹرین حادثے کے دوران 4 بجے لاپتا ہوگئے اورکافی دیر بعد چاروں بچوں کی لاشیں جلی ہوئی بوگی سے مل گئیں، کچھ دیر بعد جلی ہوئی بوگی سے ایک اور شخص کی لاش بوگی سے مل گئی۔ پولیس نے تصدیق کی ہے کہ آگ لگنے سے 4 بچوں سمیت 7 افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔
ریلوے ذرائع کا کہنا ہے کہ آگ لگنے کے باعث مسافروں نے متاثرہ بوگی سے چھلانگیں لگا کر اپنی جانیں بچائیں، ریلوے عملے کے پاس آگ بھجانے کے آلات سامات کوئی بھی انتظام نہیں تھا، عملہ آگ بھجانے والا فائر سلنڈر تلاش کرتا رہاتب تک آگ پوری بوگی میں پھیل گئی۔
ذرائع کے مطابق اگر بروقت آگ کی اطلاع اور ہنگامی ریسکیو کیا جاتا تو مسافروں کی جانیں بچ سکتی تھیں۔
دوسری جانب ریلوے ملازم کا کہنا ہے کہ تاخیر کی وجہ سے ٹرینوں کی صفائی اورتکنیکی جائزہ لینے کا وقت نہیں ملتا ہے۔
اس کے علاوہ پاک فوج کی نگرانی میں ریسکیو آپریشن مکمل کرلیا گیا ہے، پولیس سرجن کا کہنا ہے کہ بوگی میں جلنے والے لاشیں ناقابلِ شناخت ہیں۔