ملک کے مشہورومعروف اداکار فردوس جمال نے ایک بار پھر اداکارہ ماہرہ خان کی عمر پر سوال اٹھا دیا ہے۔ فردوس جمال سے مولا جٹ میں ماہرہ خان کے کردار پر سوال کیا گیا تھا۔
تفصیلات کے مطابق حال ہی میں ایک نجی ٹی وی پروگرام کے دوران اداکار فردوس جمال سے ملک کی صفِ اوّل کی فنکارہ ماہرہ خان کے متعلق سوال کیا گیا۔ میزبان نے کہا کہ ماضی میں آپ کہا کرتے تھے کہ ماہرہ خان کو ہیروئن نہیں لیا جانا چاہئے۔
میزبان نے فردوس جمال سے کہا کہ آپ کہتے تھے کہ ماہرہ خان کو ماؤں کی سطح کے کردار نبھانے چاہئیں، لیکن لیجنڈ آف مولا جٹ اییک بلاک بسٹر فلم ہے جس میں ماہرہ خان نے کردار نبھایا۔ آپ اس بارے میں کیا کہتے ہیں؟
جواباً ماہرہ خان کی عمر پر ایک بار پھر سوال اٹھاتے ہوئے فردوس جمال نے کہا کہ میں اپنے بیان پر قائم ہوں۔ میں نے ماہرہ خان کی عمر کے بارے میں ایک سادہ سا سچ بولا تھا کہ اصلیت کے اعتبار سے ماہرہ خان کی عمر زیادہ ہے۔
اس سے قبل اداکار فردوس جمال نے عثمان خالد بٹ کی بھی کلاس لیتے ہوئے کہا تھا کہ عثمان خالد بٹ کے والد بھی ایکٹر نہیں تھے، عثمان خالد بٹ کو بھی اداکار نہیں کہاجاسکتا۔ فردوس جمال کی تنقید کے بعد شوبز انڈسٹری دو حصوں میں منقسم نظر آرہی تھی۔