لاہور: استحکام پاکستان پارٹی کی رہنما فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ 9 مئی کے واقعات میں تحریک انصاف کی سیاسی موت ہوئی اور نئی جماعت استحکام پاکستان پارٹی نے جنم لیا۔
فردوس عاشق اعوان نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ میں پونے 2 سال سیاست سے دور رہی، جس بیانیے کے ساتھ پارٹی اور چیئرمین چل رہے تھے اس کے ساتھ کھڑا نہیں ہونا چاہتی تھی۔
انہوں نے کہا کہ وہ جب تک سیاسی حریفوں کو ہدف بنا رہے تھے میں چٹان کی طرح ان کے ساتھ کھڑی تھی، مگر جب انہوں نے توپوں کا رخ افواج پاکستان کی طرف کیا تو مجھے خاموش ہو کر سائیڈ پر بیٹھنا پڑا۔
حافظ نعیم الرحمان کا حشر آج عمران خان جیسا ہوا ہے،نثار کھوڑو
فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ ملک میں معاشی و سیاسی عدم استحکام اور ایک دوسرے سے نفرت ہے، 9 مئی کے واقعات میں شہداء کی یادگاروں کی بے حرمتی کی گئی۔
9 مئی کے واقعے کا حوالہ دیتے ہوئے رہنما استحکام پاکستان پارٹی نے کہا کہ 9 مئی کے بعد ایسا بیانیہ پروموٹ کرنے کی کوشش کی گئی کہ یہ وہ وقت تھا جب پی ٹی آئی کی سیاسی موت واقع ہوئی۔
اپنی پارٹی کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ استحکام پاکستان پارٹی کی اولین ترجیح پاکستان کا استحکام ہے، سیاست میں ہٹ دھرمی اور انا والا مؤقف لے کر آگے نہیں بڑھا جاسکتا۔
فردوس عاشق اعوان نے مزید کہا کہ سیاست میں کچھ دو اور کچھ لو کے تحت، حالات اور صورت حال کے مطابق فیصلے ہوتے ہیں، ابھی ہم پارٹی سٹرکچر بنانے میں مصروف ہیں، ممبر سازی اگلا مرحلہ ہوگا۔