کراچی کے علاقے کورنگی میں 6 سالہ بچی ماہم زیادتی کے بعد قتل کردی گئی، پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کر لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق زمان ٹاؤن تھانے میں بچی کے اغواء، زیادتی اور قتل کا مقدمہ ماہم کے والد کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے، بچی کو کھیلتے ہوئے نامعلوم افراد نے اغواء کیا۔
زمان ٹاؤن پولیس کے مطابق مقدمے میں اغواء، زیادتی اور قتل کی دفعات شامل ہیں۔ بچی کے والد نے پولیس کو بیان دیا کہ لوڈ شیڈنگ کے دوران رات 10 بجے کے بعد یہ واقعہ پیش آیا۔
مقتولہ ماہم کے والد نے کہا کہ رات 10 بجے ماہم گلی کے دیگر بچوں کے ہمراہ کھیل کود میں مصروف تھی ۔ بجلی آگئی تو دیگر بچے گھر واپس چلے گئے تاہم ماہم نے کھیل جاری رکھا۔
بچی کے والد نے اپنے بیان میں مؤقف اختیار کیا ہے کہ رات 11 بجے ماہم کی بڑی بہن نے ہمیں آگاہ کیا کہ ہماری 6سالہ بچی گھر نہیں آئی جو گلی میں بھی نہیں۔
والد کے بیان کے مطابق بچی کو تلاش کرنے کی بہت کوشش کی گئی تاہم ماہم نہ مل سکی۔ صبح سویرے لوگوں سے پتہ چلا کہ اس کی لاش کچرے کے ڈھیر پر موجود ہے۔
خیال رہے کہ اس سے قبل شہرِ قائد میں 6 سالہ بچی کو جنسی زیادتی کے بعد قتل کردیا گیا جس کے غمزدہ لواحقین نے پولیس پر عدم تعاون کا الزام عائد کیا۔
یہ واقعہ کراچی میں کورنگی کے علاقے زمان ٹاؤن میں پیش آیا جہاں 6 سالہ بچی کو اغواء کرنے کے بعد جنسی زیادتی کی گئی اور قتل کردیا گیا۔ڈاکٹرز کا کہنا تھا کہ ماہم کو ناک اور منہ بند کرکے قتل کیا گیا۔
مزید پڑھیں: کراچی، ماہم کو ناک اور منہ بند کرکے قتل کیا گیا، ڈاکٹرز کی تصدیق