اسلام آباد پولیس کے باوردی اہلکاروں نے ڈیوٹی کے اوقات کے دوران شہریوں سے لوٹ مار شروع کردی جس پر ایک شہری نے مقدمہ درج کرادیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد کے تھانہ سبزی منڈی کے باوردی پولیس اہلکاروں نے تھانہ آئی نائن کے علاقے میں ڈیوٹی کے دوران وارداتیں شروع کردیں۔ آئی ٹین کے علاقے میں ڈیوٹی پر مامور پولیس اہلکار ثاقب، وقاص اور فیاض گل نے لوٹ مار کی۔
پولیس اہلکاروں نے آئی نائن ون عیسیٰ نگری، کچی آبادی میں ہمشیرہ سے ملاقات کیلئے جانے والے نجی ہوٹل کے ملازم اسد امین ولد امین مسیح نامی نوجوان سے 11 ہزار روپے سے زائد رقم لوٹ لی۔ گزشتہ شب پولیس اہلکاروں نے دوبارہ بھی واردات کی کوشش کی۔
واردات کی ناکام کوشش پر ایس ایچ او تھانہ آئی نائن کو اطلاع دے دی گئی۔ پولیس نے فیاض نامی پولیس اہلکار کو پکڑ کر تھانے میں بند کردیا جس کے 2 ساتھی موقعے سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے تاہم انہیں سبزی منڈی سرکل کے افسران نے پیش کردیا۔
ایس ڈی او سبزی منڈی نواز بھٹی اور ایس ایچ او تھانہ سبزی منڈی اشرف بھی تھانہ آئی نائن پہنچے۔ تھانہ آئی نائن میں بند تینوں پولیس اہلکاروں کے خلاف تفتیش ہوئی اور گرفتار اہلکاروں کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان سے تفتیش جاری ہے۔
یہ بھی پڑھیں: کراچی میں مبینہ پولیس مقابلہ، 5 کروڑ تاوان مانگنے والے 3 اغواء کار ہلاک