بلوچستان نیشنل پارٹی (بی این پی ) مینگل کے سربراہ اختر مینگل سمیت دیگر پارٹی رہنماؤں کے خلاف سنگین مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ پارٹی کے ہمدردوں میں تشویش پھیل گئی۔
نجی ٹی وی ڈان نیوز کی رپورٹ کے مطابق اختر مینگل سمیت بی این پی کے دیگر رہنماؤں پر ایوانِ بالا (سینیٹ) کے عملے کو زدوکوب کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے ایف آئی آر درج کرلی گئی۔ مقدمہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے تھانہ سیکرٹریٹ میں درج ہوا۔
رپورٹ کےمطابق بی این پی رہنماؤں پر اسلام آباد کے تھانہ سیکرٹریٹ میں ایف آئی آر جوائنٹ سیکریٹری سینٹ جمیل احمد کی مدعیت میں درج کرائی گئی۔ اختر مینگل اور دیگر پارٹی رہنماؤں پر دہشت گردی سمیت 7 دفعات کے تحت مختلف الزامات عائد کیے گئے ہیں۔
مقدمے کے متن کے مطابق اختر مینگل اور دیگر رہنماؤں پر الزام ہے کہ انہوں نے سینیٹ کے اسٹاف کو زدوکوب کیا۔ اختر مینگل اور ساتھی پارلیمنٹ ہاؤس میں اسلحہ لے کر داخل ہوئے۔ مدعی مقدمہ جمیل احمد نے استدعا کی کہ ملزمان کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے۔