اسلام آباد: وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ معیشت سے اچھی خبریں آنا شروع ہوگئی ہیں، فچ نے پاکستان کی ریٹنگ بہتر کردی۔ شرحِ سود بھی کم ہوگئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خزانہ نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی خواہش ہے کہ یہ آئی ایم ایف پروگرام پاکستان کیلئے آخری ہو، اگر یہ کرنا ہے تو اصلاحات پر عملدرآمد کے ساتھ ساتھ ٹیکسز میں اضافہ کرنا ہوگا۔
خطاب کے دوران وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا کہ اسٹیٹ بینک نے شرحِ سود کم کردی ہے۔ آئی ایم ایف کی جانب سے نیا قرض پروگرام عالمی سطح پر اعتماد سازی کا باعث بنا، حکومت نجی شعبے کی سرگرمیوں کو فروغ دینا چاہتی ہے، ہم نجی شعبے کے کاروبار میں شامل نہیں ہوں گے۔
وفاقی وزیر خزانہ نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی خواہش کے تحت اگر ہم آئی ایم ایف پروگرام کو آخری بنانا چاہتے ہیں تو ہمیں برآمدات میں اضافہ کرنا ہوگا۔ ملک میں سرمایہ کاری لانی ہوگی۔ ہمیں ایسے پراجیکٹس پر کام کرنا ہوگا جو بیرونِ ملک کی کرنسی پاکستان میں لے آئیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کو آگے بڑھنا ہی پڑے گا، حکومت کے پاس مواقع کم ہیں۔ ہمیں کیپٹل مارکیٹ کے ایجنڈے کو آگے لے کر جانا ہے۔ ہم نقصان میں چلنے والے سرکاری ملکیتی اداروںکی نجکاری کریں گے۔ کوشش ہے کہ براہِ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کو بھی راغب کیا جائے۔