سنٹرل پنجاب اور ناردرن کے مابین نیشنل انڈر 16 ون ڈے ٹورنامنٹ کا فائنل منگل کو کھیلا جائے گا۔
گزشتہ سال کی جوائنٹ ونر سنٹرل پنجاب کی ٹیم پی سی بی انڈر 16 نیشنل ون ڈے ٹورنامنٹ میں ناردرن کے مدمقابل آئے گی۔ 45 اوورز پر مشتمل ایونٹ کا فائنل 23 فروری بروز منگل کو پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔
گزشتہ سال سنٹرل پنجاب اور خیبرپختونخوا کے مابین ایونٹ کا فائنل بارش کے باعث منسوخ ہوگیا تھا۔ دونوں ٹیموں کو ایونٹ کا جوائنٹ ونر قرار دیا گیا۔ کے پی کی ٹیم رواں سال 6 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہی۔
فائنل کی فاتح چیمپئن قرار پانے والی ٹیم کوٹرافی کے ساتھ ساتھ 3 لاکھ 50 روپے کی انعامی رقم دی جائے گی جبکہ رنرزاپ کو اڑھائی لاکھ روپے کی رقم دی جائے گی۔
دونوں ٹیمیں اس سے قبل گروپ مرحلے میں مدمقابل آئیں تو ناردرن کی ٹیم فاتح قرار پائی تھی۔
سنٹرل پنجاب کی ٹیم کے سب سے اہم کھلاڑی عبید شاہد ہوں گے۔ نوجوان بیٹسمین نے ایونٹ کے 5 گروپ میچوں میں 2 سنچریاں اور 1 نصف سنچری کی بدولت 297 رنز بنائے۔ دائیں ہاتھ کے بیٹسمین نے 148.50 کی اوسط سے رنز بنائے۔
سنٹرل پنجاب کے کپتان آذان اویس بھی اچھی بیٹنگ فارم میں ہیں۔ وہ ایونٹ میں اب تک 296 رنز بناچکے ہیں۔کپتان سنٹرل پنجاب انڈر 16 آذان اویس کا کہناہے کہ وہ اور عبید شاہد اچھی بیٹنگ فارم میں ہیں اور پرامید ہیں کہ عمدہ کارکردگی کا یہ تسلسل فائنل میں بھی برقرار رہے گا۔
انہوں نے کہا کہ اگر پہلے بیٹنگ کا موقع ملا تو اسکور بورڈ پر بڑا مجموعہ سجانے کی کوشش کریں گے تاکہ باؤلرز کامیابی سے دفاع کرسکیں۔
سنٹرل پنجاب کے فاسٹ باؤلرز ابتسام الرحمٰن اور اویس علی اب تک ٹورنامنٹ میں مشترکہ طور پر 23 وکٹیں حاصل کرچکے ہیں۔ کپتان سنٹرل پنجاب پرامید ہیں کہ دونوں فاسٹ باؤلرز فائنل میں بھی نپی تلی باؤلنگ کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: پی ایس ایل 6: اسلام آباد یونائیٹڈ نے ملتان سلطانز کو 3 وکٹوں سے شکست دے دی