پاکستان تحریک انصاف کی #final_call سے پہلے عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی میدان میں آگئیں اور پارٹی کو سخت ہدایات جاری کردیں۔
ذرائع کے مطابق بشریٰ بی بی بانی پی ٹی آئی کی ہدایات پارٹی تک پہنچائیں گی، بشریٰ بی بی بتائیں گی کہ بانی پی ٹی آئی کی کیا ہدایات ہیں۔
نجی چینل کی رپورٹ کے مطابق پشاور میں ہونے والے اجلاس میں بشریٰ بی بی نے پارٹی رہنماؤں اور عہدے داروں کو احتجاج سے متعلق اہم احکامات جاری کردیے۔
پی ٹی آئی ذرائع کے مطابق بشریٰ بی بی نے 24 نومبر کو احتجاج میں ہر حلقے سے ایم این اے کو 10 ہزار اور ہر ایم پی اے کو 5 ہزار افراد ساتھ لانے کی ہدایت کی ہے۔
ذرائع نے بتایاکہ بشریٰ بی بی نے کہا کہ جو ایم این اے یا ایم پی اے اپنے ساتھ لوگ نہیں لائے گا اسے پارٹی سے باہر کیا جائے گا اور جو پارٹی رہنما، ایم این اے یا ایم پی اے احتجاج سے پہلے گرفتار ہوا وہ بھی پارٹی سے باہر سمجھا جائے گا۔بشریٰ بی بی نے پردے کے پیچھے سے اجلاس کے شرکا سے 10منٹ خطاب کیا۔
دوسری جانب عمران خان کے وکیل فیصل چوہدری ایڈووکیٹ نے آج اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا تھا کہ عمران خان نے کہا ہے کہ بشریٰ بی بی سیاست میں حصہ نہیں لے رہیں اور نا ہی سیاست میں حصہ لیں گی تاہم بانی پی ٹی آئی سے پارٹی رہنماؤں کو ملاقات کی اجازت نہیں مل رہی تو کسی نے تو ان کا پیغام پہنچانا ہے۔