کراچی: فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) کے سائبر کرائم ونگ نے مبینہ طور پر بلیک میلنگ اور ہراساں کرنے کے الزامات پر پاکستانی اداکار محسن عباس اور نازش جہانگیر کو حراست میں لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق سائبر کرائم ونگ نے محسن عباس کی سابقہ اہلیہ فاطمہ سہیل کی شکایت پر کارروائی کی۔ ذرائع کے مطابق فاطمہ سہیل نے ایف آئی اے کو اس سلسلے میں درخواست دی تھی۔
فاطمہ سہیل نے اپنی درخواست میں دعویٰ کیا ہے کہ اس کا سابق شوہر اسے بلیک میل کرنے اور ہراساں کرنے کے لئے مبینہ طور پر اس کی ویڈیوز اور تصاویر وائرل کررہا ہے۔
اس سے قبل 2019 میں، فاطمہ نے اپنے فیس بک اکاؤنٹ پر اپنے شوہر کی بے وفائی کے بارے آگاہ کیا تھا کہ ان کا شوہر ان سے مارپیٹ کرتا ہے۔
بعد ازاں فاطمہ سہیل اور محسن عباس حیدر نے ایک دوسرے سے علیحدگی اختیار کرلی تھی، فاطمہ سہیل اور حیدر اپنے وکیلوں کے ہمراہ جج بابر ندیم کے روبرو عدالت میں پیش ہوئے تھے، جہاں فاطمہ سہیل نے بتایا تھا کہ اختلافات کی وجہ سے اب ان کااپنے شوہر کے ساتھ رہنا ممکن نہیں رہا۔