کراچی: ایف آئی اے، اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سیل کی کارروائی، ڈی ایس نادرا گلفام بروہی کوگرفتارکرلیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے، اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سیل کی جانب سے سیمنز چورنگی پر قائم نادرا میگا سینٹر پر کارروائی کی گئی، ڈپٹی سپرٹینڈنٹ نادرا اور غیر ملکی خاتون شہری کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔
ایف آئی اے ذرائع کے مطابق ڈپٹی سپرٹینڈنٹ نادرا گلفام بروہی کی معاونت اور ملی بھگت سے غیر ملکی شہری فاطمہ خاتون دختر نور احمد نے جعلی دستی (NIC) کی بنیاد پر دھوکہ دہی سے اپنے نادرا رجسٹریشن فارم پر کارروائی کی اور پاکستانی کمپیوٹرائزڈ CNIC حاصل کرنے میں کامیاب ہوئی۔
غیر ملکی خاتون شہری نے 58 برس کی عمر میں اپنا کمپیوٹرائزڈ شناختی کارڈ بنوایا۔غیر ملکی خاتون شہری نے جس دستی شناختی کارڈ کی بنیاد پر اپنا کمپیوٹرائزڈ شناختی کارڈ بنوایا وہ ایک مرد بنام سعید اللہ کو جاری کیا گیا تھا۔
مقدمہ کے اندراج کے بعد ڈپٹی سپرٹینڈنٹ، نادرا گلفام بروہی کو گرفتار کر لیا گیا ہے،جبکہ غیر ملکی شہری فاطمہ خاتون کی گرفتاری کے لیے کوششیں جاری ہیں۔
جعلی شناختی کارڈ اسکینڈل میں اب تک چھ مقدمات درج کیے جا چکے ہیں اور گرفتار ملزمان کی تعداد 17 ہے،جن میں نادرا کے اعلیٰ افسران، غیر ملکی شہری اور ایجنٹ شامل ہیں۔