لاہور: وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے خلاف سائفر گمشدگی کے معاملے پرسنگین دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق عمران خان کے خلاف مقدمہ ایف آئی اے کے انسدادِ دہشت گردی ونگ نے گزشتہ روز جے آئی ٹی کی حتمی رپورٹ سامنے آنے کے بعد درج کیا جس میں چیئرمین پی ٹی آئی کے خلاف مقدمے کے اندراج کی سفارش کی گئی ہے۔
سابق وزیر جاوید لطیف نے شہباز شریف حکومت کی ناکامی کا اعتراف کر لیا
گزشتہ ماہ 25جولائی کے روز عمران خان جے آئی ٹی کے روبرو پیش ہوئے اور 2 گھنٹوں تک مختلف سوالات کے جواب دئیے۔ جے آئی ٹی کی جانب سے عمران خان سے اعظم خان کے بیانات اور سائفر اور آڈیو لیک پر بھی سوالات کیے گئے تھے۔
قبل ازیں سابق وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی، اسد عمر اور فواد چوہدری بھی جے آئی ٹی کے روبرو پیش ہوئے جن سے مختلف سوالات کیے گئے۔ واضح رہے کہ عمران خان کے خلاف مختلف مبینہ جرائم کی بنیاد پر 200سے زائد مقدمات درج کیے جاچکے ہیں۔
ملک کے سابق وزیر اعظم عمران خان پر دہشت گردی سمیت دیگر سنگین دفعات کے تحت مقدمات درج کیے گئے۔ پی ٹی آئی ترجمان کا کہنا ہے کہ عمران خان کے خلاف مقدمات میں لگائے گئے الزامات جھوٹے اور بے بنیاد ہیں۔