لاہور: وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے سابق وزیر مونس الٰہی کی جائیدادوں کو منجمد کرتے ہوئے آگے ٹرانسفر کرنے سے روک دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق آج اسپیشل سینٹرل عدالت لاہور میں ایف آئی اے کے منی لانڈرنگ کیس کی سماعت ہوئی جس کے دوران یہ حقیقت سامنے آئی کہ ایف آئی اے نے مونس الٰہی کی جائیدادیں منجمد کردی ہیں۔ عدالت نے مونس الٰہی کی جائیدادیں آگے ٹرانسفر کرنے سے روک دیا۔
اسپیشل سینٹرل عدالت نے منی لانڈرنگ کے مقدمے کی گزشتہ سماعت کا تحریری حکم نامہ جاری کردیا جس سے قبل ایف آئی اے نے اپنی رپورٹ عدالت کو پیش کی۔ عدالت نے ریمارکس دئیے کہ رپورٹ کے مطابق مونس الٰہی عدالت سے اشتہاری ہوچکے ہیں۔
سینٹرل عدالت نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ مونس الٰہی کی گرفتاری کیلئے انٹرنیشنل پولیس کو ریڈ نوٹس جاری کیے گئے ہیں۔ ایف آئی اے ریڈ نوٹسز پر پیش رفت کے حوالے سے رپورٹ پیش کرے۔ ملزم کی نیو گارڈن ٹاؤن میں 4کنال کی جائیداد منجمد کی گئی ہے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل عدالت نے گزشتہ برس جولائی کے دوران سابق وزیر مونس الٰہی کو اشتہاری قرار دے دیا تھا۔ آج کی سماعت کے دوران عدالت نے ریمارکس دئیے کہ مونس الٰہی کی ایم ای کیپٹل کمپنی اور ٹویوٹا موٹرز گجرات کو بھی منجمد کیا گیا ہے۔