اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما فواد چوہدری نے منگل کے روز کہا کہ قانون سازوں کے ووٹوں کو مستردکرنے کی قانونی حیثیت سے متعلق سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد پنجاب اور یہاں تک کہ مرکز میں مسلم لیگ (ن) کی قیادت والی حکومتیں عملی طور پر ختم ہوگئیں۔
سابق وفاقی وزیر اطلاعات نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج وفاق میں کرائم منسٹر شہباز شریف، حمزہ شہباز اپنی اکثریت کھو چکے اور ان کی حکومتیں عملی طور پر ختم ہوگئیں۔ ان لوگوں پرتاحیات نااہلی بھی آگئی ہے۔
فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ پنجاب میں حمزہ کے پاس 171ووٹ ہیں 186 چاہئیں۔ فیصلے کے بعد منحرف اراکین کا ووٹ شمارنہیں ہوگا۔ شہبازشریف کے پاس 173ووٹ ہیں،3لوگ(ن)لیگ سے علیحدہ ہوچکے ہیں، صدرمملکت اعتماد کا ووٹ کا کہیں گے توان کے پاس169ممبران ہیں۔
فواد چوہدری نے کہا کہ اس فیصلے کے نتیجے میں پورے ملک اوراپنی لیگل ٹیم کومبارکباد دینا چاہتا ہوں۔ آج کے فیصلے کا مطلب پاکستان الیکشن کی طرف جارہا ہے، اسمبلیاں برخواست کرکے نئے الیکشن کی طرف بڑھنا چاہیے۔
مزید پڑھیں:منحرف رکن کا ووٹ شمار نہیں ہوگا، تاحیات نااہلی کا فیصلہ پارلیمان خود کرے: سپریم کورٹ