اسلام آباد: وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید کا کہنا ہے نواز شریف اور زرداری نے سیاسی جماعتوں کو غیر قانونی کام کے لئے استعمال کیا ۔ پارٹیز کو فرنٹ کمپنی بنایا جہاں منی لانڈرنگ ہوتی رہی۔
تفصیلات کے مطابق پی ڈی ایم کی جانب سے آج الیکشن کمیشن کے سامنے ممکنہ احتجاج پر ردعمل دیتے ہوئے وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید نے اپنی توپوں کا رخ نواز شریف اور زرداری کی جانب کردیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) کے سربراہ نوازشریف اور پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے اپنی اپنی پارٹیوں کو سیاسی اورغیر قانونی کام کے لئے استعمال کیا۔
وفاقی وزیر مراد سعید نے کہا کہ آج الیکشن کمیشن کے سامنے پی ڈی ایم کا احتجاج چور مچائے شور کے مترادف ہو گا۔ ن لیگ اور پیپلزپارٹی کے رہنماؤں نے پارٹیز کو فرنٹ کمپنی بنایا جبکہ انہوں پارٹیز کی آڑ میں منی لانڈرنگ بھی کی۔
وزیرِ مواصلات مراد سعید کا کہنا تھا کہ قوم ان پارٹیوں سے چند سوالوں کے جوابات چاہتی ہے۔ قوم جاننا چاہتی ہے کہ پی پی نے فارن فنڈنگ نہ لینے کا سرٹیفیکیٹ کیوں الیکشن کمیشن میں جمع نہیں کرایا؟ ن لیگ والے بتائیں کہ انہوں نے آڈٹ اورریکارڈ جمع کرنے کے علاوہ اثاثے کیوں چھپائے؟