لاہور: وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف اور جہانگیرترین گروپ کے درمیان معاملات طے پاگئے ہیں ، ترین گروپ نے وزیراعظم عمران خان پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا ہے۔
جہانگیر ترین گروپ میں شامل نعمان لنگڑیال کی جانب سے دیئے گئے ظہرانے کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ اپوزیشن لڈیاں ڈال رہی تھی کہ پی ٹی آئی میں گروپ بن گیا، پی ٹی آئی میں ہم سب ایک خاندان کی طرح ہیں، ہر خاندان میں غلط فہمی ہوجاتی ہے لیکن بڑے معاملات پر ہم سب متحد ہیں، اختلافات سے متعلق معاملات ختم ہوگئے ہیں، نعمان لنگڑیال سمیت دیگر رہنماوَں کے ساتھ قریبی تعلق ہے، یہ تمام تجربہ کارسیاست دان ہیں۔ ان سب کا نقطہ نظر تسلی سے سنا ہے، جس میں بہت وزن ہے، پی ٹی آئی کے اندر رابطوں میں بہتری کی ضرورت ہے۔
فواد چوہدری نے کہا ہم ایک خاندان کی طرح ہیں، ہمارے درمیان سیاسی رابطے کی ضرورت تھی، ہم وزیر اعظم کی ہدایت پر آئے اور ان کا نقطہ نظر تحمل سے سنا، جس میں بڑا وزن ہے، بڑی چھوٹی باتیں ہوتی رہتی ہیں اس میں رخنہ بھی آ جاتا ہے، تاہم نعمان لنگڑیال، نوانی اور چیمہ صاحب نے وزیر اعظم کی قیادت پر اظہار اطمینان کیا ہے۔
وزیراعظم عمران خان کی نیب پر تنقید سے متعلق ایک سوال کے جواب میں فواد چوہدری نے کہا کہ نیب خود کو اتنا زیادہ بڑا نہ کرے کہ کسی کیس کو منطقی انجام تک نہ پہنچا سکے، ہم چاہتے ہیں کہ نیب خود کو مخصوص بڑے مقدمات تک محدود کرے اور منطقی انجام تک پہنچائے، وہاں سے آگے چلے۔
میڈیا سے گفتگو میں ترین گروپ کے رکن نعمان لنگڑیال نے کہا میں چوہدری صاحب اور عامر کیانی کا شکر گزار ہوں کہ وہ پنجاب تشریف لائے، دو بھائی تشریف لائے ہم ان پر اور وزیر اعظم پر اعتماد کا اظہار کرتے ہیں، دریں اثنا، ترین گروپ نے کہا کہ جہانگیر ترین پر جو رپورٹ بنائی گئی ہے اس کو پبلک ضرور کیا جائے، ہم اس رپورٹ کو تن من دھن سے قبول کریں گے۔
یہ بھی پڑھیں : کراچی میں بجلی کا بڑا بریک ڈاؤن، شہر میں پانی کے بحران کا خدشہ