وفاقی حکومت نے مہنگائی کے ستائے عوام پر پیٹرول بم گرانے کی تیاری کرلی، یکم جولائی سے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں بڑے اضافے کا امکان ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے اپنی سمری وزارت پٹرولیم کو بھجوادی ہے، جس میں آئندہ 15 روز کیلئے ڈیزل میں 15 روپے فی لیٹر اور پیٹرول میں 11 روپے فی لیٹر اضافہ تجویز کیا گیا ہے۔
اوگرا کی سمری آج ہی وزارت خزانہ کو ارسال کردی جائے گی جس کے بعد وزیر خزانہ وزیراعظم شہباز شریف کے مشورے سے نئی قیمتوں کا حتمی اعلان کریں گے۔
پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا باضابطہ نوٹیفکیشن رات گئے تک جاری ہوگا۔
پیٹرولیم مصنوعات پر اضافے سے گیس، بجلی اور روزمرہ اشیاء کی قیمتوں میں بھی اضافہ متوقع ہے۔ ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں اضافہ سے مہنگائی کا نیا طوفان برپا ہوسکتا ہے۔