اسلام آباد: وزیرِ اعظم عمران خان کی سرکردگی میں وفاقی کابینہ نے مختلف وزارتوں اور ڈویژنز میں گریڈ 1 سے 16 تک کے ملازمین کی تعداد کم کرنے کی منظوری دے دی ہے جبکہ شرحِ تناسب 1:4 کی بجائے 1:3 تک لائی جائے گی۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی کابینہ نے گریڈ 1 سے 16 تک کے ملازمین کی تعداد کم کرنے کا فیصلہ کر لیا۔ باوثوق ذرائع کا کہنا ہے کہ وفاقی سیکرٹریٹ کی 40 وزارتوں میں گریڈ 17 سے 22کے افسران مجموعی طور پر 2 ہزار 520 ہیں، جو اس فیصلے سے بالواسطہ متاثر ہوں گے۔
وفاقی کابینہ کے فیصلے سے براہِ راست متاثر ہونے والے گریڈ 1 سے 16 تک کے ملازمین کی تعداد 10 ہزار 364 ہے جہاں افسران اور ماتحت ملازمین کے مابین تناسب 1:4 رکھا گیا ہے۔ ایک افسر کے ماتحت 4 اہلکار کام کرتے ہیں۔ہر 4 ماتحتوں میں سے 1 کو فارغ کردیا جائے گا۔
کابینہ کے فیصلے کے تحت شرحِ تناسب 1:3 تک لائی جائے گی۔مشیرِ ادارہ جاتی اصلاحات کی جانب سے متعلقہ وزارتوں اور ڈویژنز کو خط لکھ دیا گیا جس میں کہا گیا ہے کہ وزارتیں ای سسٹم کے تحت کام کر رہی ہیں جس کے بعد اسسٹنٹ، یو ڈی سی، ایل ڈی سی اور نائب قاصد جیسی ملازمتوں کی ضرورت میں کمی آئی ہے۔
فیصلے کے مطابق مذکورہ سرکاری ملازمین سسٹم پر اضافی بوجھ کا باعث بننے کی بجائے ہٹا دئیے جائیں گے جس سے وفاقی کابینہ کوپی ٹی آئی کی قناعت پر مبنی پالیسی کے تحت سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور مراعات کی مد میں دی جانے والی رقم کی مد میں ملک کے معاشی اخراجات میں کمی کی توقع ہے۔
یہ بھی پڑھیں: اپریل میں پاکستانی برآمدات 2 ارب 19 کروڑ ڈالر سے تجاوز کرگئیں