اسلام آباد: وزیرِ اعظم عمران خان کی زیرِ صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس 16 فروری کو منگل کے روز ہوگا جس میں میٹرو بس منصوبے سمیت اہم امور پر گفتگو ہوگی۔
تفصیلات کے مطابق وزیرِ اعظم کی زیرِ صدارت منگل کے روز ہونے والے وفاقی کابینہ کا 8 نکاتی ایجنڈا جاری کردیا گیا جس میں وفاقی سرکاری ملازمین کو ڈسپیریٹی ریڈکشن الاؤنس دینے کی توثیق کی جائے گی اور کراچی میں فیڈرل سروسز ٹریبونل کا دفتر تعمیر کرنے کی اجازت بھی دی جائے گی۔
وزیرِ اعظم کی زیرِ صدارت وفاقی کابینہ اجلاس میں اسلام آباد ائیرپورٹ تک میٹرو بس منصوبے پر بریفنگ دی جائے گی۔ چیئرمین ٹاسک فورس (آئی ٹی اینڈ ٹیلی کام) وفاقی کابینہ اراکین کو بریفنگ دیں گے۔این ٹی ڈی سی کے منیجنگ ڈائریکٹر کی تعیناتی اور پاکستان انسٹیٹیوٹ آف مینجمنٹ کے بورڈ آف گورنرز کی تشکیلِ نو کی منظوری بھی دی جائے گی۔
یاد رہے کہ اِس سے قبل وزیرِ اعظم عمران خان کی زیرِ صدارت وفاقی کابینہ نے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 40 فیصد اضافے کی منظوری دے دی۔
وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس 4 روز قبل منعقد ہوا، اجلاس میں وفاقی کابینہ نے وفاقی ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ کی منظوری دے دی تاہم ایف بی آر، نیب اورایف آئی اے سمیت جن ملازمین کو پہلے اضافی تنخواہ مل رہی وہ شامل نہیں ہوں گے۔
مزید پڑھیں: کابینہ نے ملازمین کی تنخواہوں میں 40فیصد اضافے کی منظوری دے دی