اسلام آباد: وزیرِ اعظم عمران خان کی زیرِ صدارت وفاقی کابینہ کا اہم اجلاس آج ہوگا جس کے دوران ملک کی سیاسی و قومی صورتحال سے متعلق 22 نکاتی ایجنڈے پر غور کیا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق وزیرِ اعظم عمران خان آج وفاقی کابینہ اجلاس کی صدارت کریں گے۔ وفاقی کابینہ اجلاس میں ملک کی سیاسی و اقتصادی صورتحال سے متعلق اہم معاملات پر گفت و شنید ہوگی۔
وزیرِ اعظم کی زیرِ صدارت وفاقی کابینہ اجلاس میں ملک بھر میں جاری کورونا ویکسینیشن پر بریفنگ دی جائے گی۔ وزیرِ اعظم عمران خان کی کورونا سے صحتیابی کے بعد وفاقی کابینہ کا یہ پہلا اجلاس ہوگا۔
وفاقی کابینہ کے 22 نکاتی ایجنڈے میں سرکاری اداروں کے سربراہان کی خالی اسامیوں پر بریفنگ بھی شامل ہے۔ وفاقی کابینہ چیئرمین پی آئی اے سی ایل بورڈ کے تقرر کی منظوری دے گی۔
یاد رہے کہ اِس سے قبل وزیرِ اعظم پاکستان عمران خان نے وفاقی کابینہ میں تبدیلیوں سے متعلق بڑے فیصلے کیے جن میں سے 2 اہم فیصلے ندیم بابر کی جگہ تابش گوہر کو معاونِ خصوصی برائے پٹرولیم مقرر کرنا اور حفیظ شیخ کی جگہ حماد اظہر کو وزیرِ خزانہ بنانا تھے جو 30 مارچ کو سامنے آئے۔
ندیم بابر اور حفیظ شیخ کو ملک بھر میں بڑھتی ہوئی مہنگائی اور پٹرول بحران جیسے اہم معاملات کو مد نظر رکھتے ہوئے عہدوں سے ہٹایا گیا۔ وزیر اعظم عمران خان نے تابش گوہر کو معاونِ خصوصی مقرر کیا اور حماد اظہر کو وزارتِ خزانہ کا اضافی چارج دیا گیا۔
مزید پڑھیں: وزیرِ اعظم عمران خان کا وفاقی کابینہ میں ردوبدل اور ملک کا مستقبل