اسلام آباد:فیڈرل بورڈ آف ریوینو نے کہا ہے کہ ہم نے رواں مالی سال کے 7 ماہ میں 35 ارب روپے کی اشیاء اسمگل کرنے کی کوششیں ناکام بنا دی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق ایف بی آر نے رواں مالی سال کے پہلے 7 ماہ کی کارکردگی کے اعدادوشمار جاری کرتے ہوئے کہا کہ جولائی سے جنوری کے دوران 35 ارب روپے کی اسمگل کی جانے والی اشیاء ضبط کر لی گئیں۔
گزشتہ برس اسی عرصے کے دوران ایف بی آر نے 22 ارب روپے کی اسمگل کی جانے والی اشیاء کو ضبط کیا تھا جبکہ رواں مالی سال کے دوران 11 اعشاریہ 3 ارب روپے کی نان کسٹم پیڈ گاڑیاں بھی ضبط کی گئیں۔
فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے مطابق 105 فیصد اضافے کے ساتھ 3 اعشاریہ 4 ارب روپے کی چھالیہ بھی ضبط کی گئی۔ 28 فیصد اضافے کے ساتھ 1 اعشاریہ 9 ارب روپے کا کپڑا بھی ضبط کیا گیا۔ 70 فیصد اضافے سے 553 ملین روپے کے سگریٹ ضبط کر لیے گئے۔
ایف بی آر اعلامیے کے مطابق 113 فیصد اضافے کے ساتھ 492ملین روپے کے آٹوپارٹس بھی ضبط کیے گئے۔ 67 فیصد اضافے کے ساتھ 380 ملین کا الیکٹرانکس کا سامان، 93 فیصد اضافے کے ساتھ 899 ملین روپے کا ڈیزل اور 104 فیصد اضافے کے ساتھ 271 ملین روپے کے زیورات بھی ضبط کیے گئے۔
یہ بھی پڑھیں: کوسٹ گارڈزکی اسمگلنگ کیخلاف مختلف کارروائیاں،10 ملزمان گرفتار