فضل محمود گاڑی کی رقم ادا کرنے کے باوجود گاڑی سے محروم،پولیس کا عدم تعاون

مقبول خبریں

کالمز

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

فضل محمود گاڑی کی رقم ادا کرنے کے باوجود گاڑی سے محروم،پولیس کا عدم تعاون
فضل محمود گاڑی کی رقم ادا کرنے کے باوجود گاڑی سے محروم،پولیس کا عدم تعاون

اسلام آباد:شہر اقتدار کے علاقہ شمس کالونی کا رہائشی فضل محمود گاڑی کی رقم ادا کرنے کے باوجود گاڑی سے محروم،پولیس ٹال مٹول سے کام لینے لگی۔

ایم ایم نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے فضل محمود نے کہاہے کہ میں نے ایاز احمد نامی شخص سے سوزوکی پِک اپ 2لاکھ 63روپے میں خریدی،ایک روز میں گاڑی پر سریا لے کر ڈھوک مستقیم پہنچا تو وہاں پر ملک مہربان سمیت5افراد نے مجھ سے گاڑی چھین لی اور لے کر فرار ہوگئے۔

انہوں نے کہاکہ میں نے ملک مہربان سے استفسار کیا تو اس نے کہاکہ اس گاڑی کے واجبات بقایا ہیں جبکہ میں نے گاڑی ٹیکسلا شاہزیب موٹرز سے خریدی تھی اور میں نے پوری رقم موقع پر ہی ایاز احمد ولد محمد فیاض کوادا کردی تھی،جس کے اسٹام پیپر، شو روم کی رسید،گاڑی کے اصلی کاغذات میرے پاس موجود ہیں۔

اس کے باوجود ملک مہربان نے میری گاڑی چھین لی، انہوں نے کہاکہ میں نے تھانہ ویسٹریج میں ملزمان کیخلاف گاڑی چھیننے کے بابت ایف آئی آر درج کرائی تو وہاں پر تحقیقاتی افسر اے ایس آئی راجہ اجمل نے مجھ سے کہاکہ مجھے 20ہزار روپے رشوت دو تو میں تمہیں تمہاری گاڑی واپس دلا دوں گا۔

ہماری بات 10ہزار میں طے ہوگئی لیکن رقم لینے کے باوجود اے ایس آئی راجہ اجمل ایک ماہ تک مجھے تھانے کے چکر لگواتا رہا اور بعد ازاں کہا کہ یہ مقدمہ تھانہ ویسٹریج کی حدود میں نہیں بلکہ تھانہ نصیر آباد کی حدود میں آتا ہے، ملزم میرے دس ہزار روپے ڈکار گیا۔

انہوں نے کہاکہ اس کے بعد میں نے تھانہ نصیر آباد میں گاڑی کی ریکوری کیلئے ایس پی پوٹھوہار کے دفتر سے درخواست مارک کروا کر بھیجی لیکن وہاں پر سب انسپکٹر ممتازگزشتہ ڈیڑھ ماہ سے تھانے کے چکر لگوا رہا ہے اور لیت ولعل سے کام لے رہاہے۔

انہوں نے کہاکہ پولیس نے تاحال ملک مہربان کو تھانے میں طلب نہیں کیا ہے اور نہ ہی میری گاڑی کو تھانے میں بند کیا گیا ہے، انہوں نے کہاکہ قانون کے مطابق متنازعہ گاڑی کافیصلہ ہونے تک تھانے میں بند ہونی چاہئے تھی۔

انہوں نے کہاکہ گزشتہ 4ماہ سے میری گاڑی ملک مہربان کے زیراستعمال ہے اور ملک مہربان کا قریبی رشتہ دار پولیس اہلکار ہے جو اس کیس میں رکاوٹ بنا ہواہے اورپولیس نے بھی میرے ساتھ تاحال کوئی تعاون نہیں کیا۔

انہوں نے کہاکہ میں ایس ایچ او تھانہ نصیر آباد،ایس ایس پی پوٹھوہار اورسی پی او راولپنڈی سے اپیل کرتا ہوں کہ مجھے میری گاڑی واپس دلائی جائے اور گاڑی چھیننے والے ملزمان کیخلاف ڈکیتی کی دفعات کے تحت قانونی کارروائی کی جائے۔

Related Posts