پاکستانی شوبز انڈسٹری کے معروف فنکارفیصل قریشی نے سوشل میڈیا پر ٹاپ ٹرینڈز میں شامل ویڈیو کو ایک بار پھر نئے انداز میں پیش کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق معروف ٹک ٹاک اسٹار مسکان کے ہمراہ فیصل قریشی نے اپنے گیم شو کا ٹوئٹر پر وائرل ہونے والا سین نئے سرے سے ریکارڈ کرکے نئے انداز کے ساتھ پیش کیا ہے جسے مداحوں کی بڑی تعداد نے سراہا۔
نجی ٹی وی پر گزشتہ ہفتے فیصل قریشی ایک براہِ راست نشر ہونے والے گیم شو کی میزبانی کر رہے تھے جس کے دوران 2 سوشل میڈیا اسٹارز کی سالگرہ منائی گئی۔ اسی دوران مسکان نے سوشل میڈیا اسٹار کو گردن پر تھپڑ مارا۔
معروف ٹک ٹاکر مسکان نے جب سوشل میڈیا اسٹار کو تھپڑ مارا تو فیصل قریشی نے اس واقعے پر میزبان کی حیثیت سے ناراضگی کا اظہار کیا۔ فرش پر کیو کارڈز پھینکتے ہوئے ٹی وی میزبان نے تمام سوشل میڈیا اسٹارز کو جاہل کہا۔
انہوں نے کہا کہ کہاں سے لائے ہو یار یہ بد تمیز، جاہل لوگ؟ جس پر بہت سے لوگوں نے فیصل قریشی کو تنقید کا نشانہ بنایا تاہم بڑی تعداد میں مداحوں نے ان کی تعریف بھی کی۔
بعد ازاں ساتھی اداکار نوید رضا کی سالگرہ پر فیصل قریشی نے مداحوں کو اپنی ہی وائرل ویڈیو کو نئے انداز میں پیش کرکے سرپرائز دے دیا۔ مذکورہ ویڈیو نوید رضا کے انسٹا گرام اکاؤنٹ سے شیئر کی گئی ہے۔
بہت سے مداحوں نے اس ویڈیو پر خوشی کا اظہار کیا اور فیصل قریشی کے اقدام کو پسند کیا ہے جبکہ بعض سوشل میڈیا صارفین نے اس ویڈیو پر تنقید بھی کی۔
یہ بھی پڑھیں: جس نے جو پہننا تھا پہن لیا، فیشن سمجھ نہیں سکتے تو تنقید نہ کریں۔غنا علی