اسلام آباد: سابق وزیرِ اطلاعات فواد چوہدری کے خلاف الیکشن کمیشن کی توہین سے متعلق کیس میں ناقابلِ ضمانت وارنٹ جاری کردئیے گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی کے سابق رہنما اور سابق وزیرِ اطلاعات و نشریات فواد چوہدری کے ناقابلِ ضمانت وارنٹ توہین الیکشن کمیشن کیس کی سماعت کے بعد جاری کیے۔
عمران خان کے خلاف نظر ثانی اپیل سماعت کیلئے مقرر
الیکشن کمیشن کے 5 رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی جس کی سربراہی چیف الیکشن کمشنر نے کی۔ فواد چوہدری کے معاون وکیل الیکشن کمیشن میں پیشی کیلئے حاضر ہوئے۔
معاون وکیل نے الیکشن کمیشن سے فواد چوہدری کے خلاف کیس کی سماعت ملتوی کرنے کی درخواست دی۔ ممبر الیکشن کمیشن نے استفسار کیا کہ کیا فواد چوہدری سماعت کیلئے آئے ہیں؟
ممبر الیکشن کمیشن نے ریمارکس دئیے کہ فواد چوہدری نہ تو خود آئے، نہ ہی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کی گئی۔ معاون وکیل نے کہا کہ آج ہائیکورٹ میں الیکشن کمیشن وکیل نے دلائل دینے ہیں۔
فواد چوہدری کے معاون وکیل نے کہا کہ کیس کی سماعت ملتوی کریں کیونکہ ہائیکورٹ سے ایک دو دن میں فیصلہ آجائے گا۔ تاہم الیکشن کمیشن نے معاون وکیل کی استدعا مسترد کرتے ہوئے وارنٹ جاری کردئیے۔
فواد چوہدری کے خلاف توہینِ الیکشن کمیشن کیس کی سماعت 20 جولائی تک ملتوی کردی گئی ہے۔ الیکشن کمیشن نے ہدایت کی کہ فواد چوہدری مقررہ تاریخ پر پیش ہو کر الزام کے خلاف اپنے مؤقف کا دفاع کریں۔