اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے سوال اٹھایا ہے کہ سابق وزیر اعظم اور مسلم لیگ (ن) کے تاحیات قائد میاں نواز شریف کی رپورٹس ہمیں نہ بھجوانے کی ایک ہی وجہ ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا کہ آخر نواز شریف کی رپورٹس برطانیہ سے کیوں نہیں بھجوائی جا رہیں؟ بظاہر اس کی ایک ہی وجہ ہے۔
نواز شریف کی رپورٹس نہ بھجوانے کی وجہ بیان کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ برطانیہ میں ہونے والے ٹیسٹ شاید پاکستان میں ہونے والے میڈیکل ٹیسٹ سے مختلف ہیں۔
رپورٹس نہ بھجوانے کے حوالے سے وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے خدشہ ظاہر کیا کہ شاید برطانوی ڈاکٹر نواز شریف کو شدید بیمار قرار دینے سے ہچکچا رہے ہیں۔
وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی نے کہا کہ اس کا ایک مطلب یہ ہے کہ پنجاب حکومت نے جو میڈیکل ٹیسٹ کروائے، وہ مشکوک تھے۔ ان حالات میں پنجاب حکومت کو ایک انکوائری بٹھانی چاہئے۔
فواد چوہدری نے کہا کہ اہلکاروں کو چاہئے کہ وہ انکوائری کے دوران محکمۂ صحت، لیبارٹری اور ڈاکٹر صاحبان کی شریف خاندان سے ملی بھگت کے معاملے کا جائزہ لیں اور عوام کے سامنے مکمل حقائق رکھیں۔
اس کا ایک مطلب یہ ہے کہ پنجاب حکومت نے جو میڈیکل ٹسٹ کروائے وہ مشکوک تھے، ان حالات میں پنجاب حکومت کو ایک انکوائری بٹھانی چاہئے جو محکمہ صحت، لیبارٹری اور ڈاکٹر صاحبان کی شریف خاندان سے ملی بھگت کے معاملے کا جائزہ لے اور عوام کے سامنے مکمل حقائق رکھے۔
— Ch Fawad Hussain (@fawadchaudhry) February 25, 2020