اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما و سابق وزیر مملکت طلال چوہدری نے کہا ہے کہ وفاقی وزیر فواد چوہدری کا بیان سابق وزیر اعظم نواز شریف کی بجائے پنجاب حکومت کے خلاف ہے۔
وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری کے بیان پر ردِ عمل دیتے ہوئے سابق وزیر مملکت طلال چوہدری نے کہا کہ فواد چوہدری نے پنجاب حکومت، یاسمین راشد اور سروسز ہسپتال کے ڈاکٹرز کو جھوٹا قرار دیا ہے۔
ردِ عمل دیتے ہوئے طلال چوہدری نے کہا کہ فواد چوہدری پنجاب حکومت کے ساتھ اپنا ذاتی حساب برابر کرنے کے لئے نوازشریف کے کاندھے پر رکھ کر بندوق نہ چلائیں۔
سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ عدالت کے وضع کردہ طریقہ کار کے مطابق نوازشریف کی تمام میڈیکل رپورٹس جمع کرائی گئیں تاہم ایسے بیانات دے کر فواد چوہدری کا وزیراعلی پنجاب بننے کا ارمان پورا نہیں ہوگا۔
مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما طلال چوہدری نے کہا کہ پنجاب حکومت کے خلاف بیان کی وجہ بظاہر پی ٹی آئی سے فواد چوہدری کی جلد رخصتی کی نشاندہی ہے۔انہوں نے عثمان بزدار حکومت کو فراڈ قرار دیا ہے۔
سینئر رہنما طلال چوہدری نے کہا کہ فواد صاحب ایسی تحقیقاتی کمیٹی کا مطالبہ کریں جو معلوم کرے کہ پنجاب کے لوگوں کو مفت دوائی اور علاج پر پابندی کس نے لگائی؟ترقی کیوں رک گئی اور لاہور کا کچرا کیوں صاف نہ ہوسکا؟
طلال چوہدری نے کہا کہ ایسی کمیٹی بنائیں جو شہبازشریف کی چار میٹروز اور اورنج ٹرین کے مقابلے میں پشاور میٹرو کے کھڈے ابھی تک نہ بھرنے کی تحقیقات کرے ؟
انہوں نے کہا کہ ایسی کمیٹی بنائیں جو شہبازشریف کے منصوبے پر تختیاں لگانے والے منصوبہ چوروں کی تحقیقات کرے اور کرپٹ پی ٹی آئی حکومت کے عوام سے روٹی، روزگار، کاروبار چھین لینے کی تحقیقات کرے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا کہ سابق وزیر اعظم اور مسلم لیگ (ن) کے تاحیات قائد میاں نواز شریف کی رپورٹس ہمیں نہ بھجوانے کی ایک ہی وجہ ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا کہ آخر نواز شریف کی رپورٹس برطانیہ سے کیوں نہیں بھجوائی جا رہیں؟ بظاہر اس کی ایک ہی وجہ ہے۔
مزید پڑھیں: نواز شریف کی رپورٹس نہ بھجوانے کی ایک ہی وجہ ہے۔فواد چوہدری