اسلام آباد: استحکامِ پاکستان پارٹی کے رہنما اور سابق وزیرِ اطلاعات فواد چوہدری نے توہینِ الیکشن کمیشن کیس میں الیکشن کمیشن سے معافی مانگ لی ہے۔
تفصیلات کے مطابق چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں 4 رکنی الیکشن کمیشن بینچ نے توہینِ الیکشن کمیشن کیس کی سماعت کی، چیف الیکشن کمشنر نے ریمارکس دئیے کہ آپ نے الیکشن کمیشن کی توہین کی ہے۔
وفاقی وزرا کی مولانا فضل الرحمان کے گھرپرملاقات
سماعت کے دوران چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ آپ کے چیئرمین عمران خان نے میری اہلیہ کے متعلق غلط الفاظ کا استعمال کیا۔ سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری نے کہا کہ مجھے چیف الیکشن کمشنر سے کوئی ذاتی مسئلہ نہیں ہے۔
سابق وزیرِ اطلاعات نے کہا کہ مجھے الیکشن کمیشن سے بھی ذاتی مسئلہ نہیں، اس وقت پارٹی ترجمان تھا، معاملہ جانے دیں، زبانی طور پر معافی مانگ چکا ہوں۔ الیکشن کمیشن نے فواد چوہدری کو تحریری معافی نامہ جمع کرانے کا حکم دے دیا۔
بعد ازاں توہینِ الیکشن کمیشن کیس کی سماعت یکم اگست تک ملتوی کردی گئی۔ سماعت کے بعد فواد چوہدری کا میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ میں نے الیکشن کمیشن کو آگاہ کیا کہ جو کچھ بھی کہا تھا، وہ پارٹی کا بیانیہ تھا۔
فواد چوہدری نے کہا کہ میرا الیکشن کمیشن سے ذاتی جھگڑا نہیں ہے۔ جلد تحریری معافی نامہ جمع کراؤں گا۔ واضح رہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے فواد چوہدری کے ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری معطل کردئیے ہیں۔