اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ ’’پاکستان میڈیا ڈیولپمنٹ اتھارٹی‘‘ آرڈیننس کے ذریعے نہیں بل کے ذریعے لارہے ہیں، جبکہ وزیر قانون بیرسٹر فروغ نسیم نے کہا ہے کہ میڈیا ڈیولپمنٹ اتھارٹی سے متعلق فواد چودھری جلد خوشخبری دیں گے۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر قانون بیرسٹر فروغ نسیم نے کہا ہے کہ جعلی خبروں کو روکنے کے لیے ہم سب کو مل کر کام کرنا ہوگا۔
ان کا کہنا تھا کہ میڈیا ڈیولپمنٹ اتھارٹی سے متعلق فواد چودھری جلد خوشخبری دیں گے، قوانین میں ترامیم کیلئے وزارت قانون دن رات کام کررہی ہے۔
فروغ نسیم نے کہا کہ جرنلسٹ پروٹیکشن بل میں وزارت قانون نے وزارت انسانی حقوق کی مدد کی ہے۔
دوسری جانب وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ ’’پاکستان میڈیا ڈیولپمنٹ اتھارٹی‘‘ آرڈیننس کے ذریعے نہیں بل کے ذریعے لارہے ہیں، اس بل کو اسمبلی میں لا کر بحث بھی کروائی جائے گی۔
نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ بل کا سارا فریم ورک دے دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بل کو صحافیوں سے بھی شیئر کیا جائے گا۔