اسلام آباد: وزیرِ مملکت برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری ڈپٹی اسپیکر کی ہدایت کے باوجود قومی اسمبلی کے اجلاس سے غیر حاضر ہیں جس کا انہوں نے اپنے ایک پیغام میں اعتراف بھی کیا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا کہ ڈپٹی اسپیکر کی خواہش کے احترام میں آج پارلیمان جانے کا ارادہ کیا، لیکن 3پارلیمانی رپورٹرز اور 2 سینیٹرز کے کورونا ٹیسٹ مثبت آگئے ہیں۔
وفاقی وزیر فواد چوہدری نے کہا کہ اب یہ بات طے ہوچکی ہے کہ کورونا وائرس رپورٹرز اور 2 سینیٹرز کو پارلیمان کی عمارت سے ہی لاحق ہوا ہے، لہٰذا قومی اسمبلی کے سیشن میں حاضر ہونے کا ارادہ ملتوی کر رہا ہوں۔
وزیرِ سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے اپنے گزشتہ بیانیے کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ امید کرتا ہوں جلد قومی اسمبلی کا ورچوئل سیشن بلایا جائے گا، جہاں کورونا وائرس پر تسلی سے بات چیت ہوسکے گی۔
ڈپٹی اسپیکر کی خواہش کے احترام میں اج پارلیمان جانے کا ارادہ کیا ، لیکن تین پارلیمانی رپورٹرز اور دو سینیٹرز کے کرونا مثبت آگئے ہیں اور یہ اب طے ہے کہ ان کو کرونا پارلیمان کی عمارت سے لگا لہذا۶ ارادہ ملتوی کر رہا ہوں امید ہے جلد ورچوئل سیشن بلایا جائیگا جہاں تسلی سے بات ہو سکے گی
— Ch Fawad Hussain (@fawadchaudhry) May 15, 2020
یاد رہے کہ کورونا وائرس پر قومی اسمبلی کا اجلاس آج وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں جاری ہے جس کے دوران کورونا جیسی عالمی وباء پر اراکینِ اسمبلی و وفاقی کابینہ اظہارِ خیال میں مصروف ہیں۔
رواں ہفتے منعقدہ قومی اسمبلی کے گزشتہ سیشن کے دوران صدرِ مملکت نے قومی اسمبلی کا موجودہ سیشن طلب کیا جبکہ گزشتہ سیشن کے دوران ملک کی اقتصادی و صحت کی صورتحال پر گرما گرم بحث ہوئی۔
مزید پڑھیں: قومی اسمبلی میں اراکین کورونا پر اظہارِ خیال میں مصروف