ضلع رحیم یار خان میں باپ نے انسانی ہمدردی اور لازوال شفقت کی مثال قائم کرتے ہوئے اپنے معذور بچوں پر اپنی ساری جمع پونجی خرچ کردی ہے۔
تفصیلات کے مطابق ضلع رحیم یارخان کے علاقے احسان پور میں رہنے والا شاہنواز 4 بچوں کا باپ ہے۔ شاہنواز نے چاولوں کے کاروبار سے حاصل کی گئی ساری آمدنی بچوں پر خرچ کردی کیونکہ اس کے اچھے بھلے بچے چار پانچ سال کی عمر کو پہنچ کر معذور ہوجاتے ہیں۔
اب تک شاہنواز کے 2 بچے مکمل طور پر معذور جبکہ 2 چھوٹے بچوں میں معذوری کی علامات پائی جاتی ہیں۔ شاہنواز نے اپنی تمام جمع پونجی ان بچوں کے علاج پر لگا دیں۔اپنے بچوں کو تکلیف میں مبتلا دیکھ کر شاہنواز نے اپنا گھر بھی بیچ دیا۔
معذور بچوں کے والد شاہنواز نے گھر بیچ کر حاصل کی گئی رقم بھی بچوں کے علاج پر خرچ کردی تاہم بچوں کو کوئی افاقہ نہیں ہوا۔ شاہنواز کا گاؤں احسان پور شہر سے 45 کلومیٹر دور ہے۔ بچوں کو روز علاج کے لیے ہسپتال نہیں لایا جاسکتا اور جمع پونجی ختم ہوچکی ہے۔
شاہنواز نے وزیرِ اعلیٰ پنجاب اور مخیر حضرات سے اپیل کی ہے کہ میرے بچوں کا علاج معالجہ کرایا جائے کیونکہ اب میرا کاروبار بھی ختم ہوچکا ہے۔میرے بچوں کے لئے مجھے ایک کمرے کا گھر دیا جائے تاکہ میں اپنے گھر میں سکون سے رہ سکوں۔