اسلام آباد : پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما فرحت اللہ بابر نے کہا ہے کہ آئین پاکستان کو عزت دو کا نعرہ سب سے بڑا مطالبہ ہے، اگر اس عہدہ نامہ کی پاسداری نہیں ہوگی تو وفاق نہیں رہ سکتا، آج آئین پر من و عن عمل نہیں ہورہا جس سے وفاق کو خطرہ ہے۔
پاکستان پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنما فرحت اللہ بابر نے تحفظ آئین پاکستان کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ آج سب آئین کی پاسداری کے کئے اکھٹے ہوئے ہیں، اگر آئین کو کسی سے خطرہ ہوا تو ہمیں حوصلہ ہوگا کہ ہم سب اکٹھے ہیں،آئین پاکستان کو عزت دو کا نعرہ سب سے بڑا مطالبہ ہے،آئین کو اس لئے عزت دو کیونکہ آئین وفاق کے درمیان کے سمجھوتہ عہدہ نامہ ہے۔
انہوں نے کہاکہ اگر اس عہدہ نامہ کی پاسداری نہیں ہوگی تو وفاق نہیں رہ سکتا۔آج آئین پر من و عن عمل نہیں ہورہا جس سے وفاق کو خطرہ ہے، بنیادی وجہ ملک میں 72 سالوں سے وردی والا محب وطن اور وسکٹ اور دھاڑی والا غیر محب وطن ہے۔
انہوں نے کہاکہ فاطمہ جناح کے خلاف غدرای کا مقدمہ چلا آج مولانا کے خلاف غدرای کا مقدمہ بنایا جارہا ہے،جس سے آئین توڑا وہ محب وطن ٹھہرے ۔ انہوں نے کہاکہ مشرف جس کو عدالت نے غدار ٹھہرایا اسکی تصویر آج بھی آرمی میس میں آویزاں ہوگی ۔
انہوں نے کہاکہ آئین کی پاسداری نہ ہونے کہ وجہ سے مشرقی پاکستان ہم سے الگ ہوا۔ انہوں نے کہاکہ ون یونٹ اس لئے بنایا تھا کہ مشرقی پاکستان کی اعدادی اکثریت کو ختم کیا جاسکے۔ انہوں نے کہاکہ آج پاکستان کو بچانا ہے تو اس آئین کی حفاظت کرنا ہوگی،پاکستان اشرفیہ نے آئین کو دل سے نہیں مانا۔
انہوں نے کہاکہ 1973 تک کوئی آئین نہ تھا فوجی آمروں نے جو آئین دیا وہ ساتھ لے گئے۔ انہوں نے کہاکہ تمام اکابرین نے متفقہ آئین دیا جسے سول ملٹری بیوروکریسی نے نہیں مانا۔
مزید پڑھیں:آئینی، جمہوری اور قانونی طریقے سے حکومت ہٹانا چاہتا ہوں، بلاول بھٹو زرداری