ڈرامہ سیریل میرے ہمسفر میں اداکاری کے جوہر دکھانے والے فنکار فرحان سعید کا کہنا ہے کہ میں نے کبھی یہ نہیں سوچا تھا کہ میرے کردار کی اتنی تعریف کی جائے گی۔
فوٹو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر اپنے پیغام میں اداکار فرحان سعید نے کہا کہ حمزہ رئیس احمد ایک ایسا کردار ہے جس کے متعلق میں نے یہ کبھی نہیں سوچا تھا کہ اسے پورے دنیا سے اتنی پذیرائی اور تعریف ملے گی۔ میں نے تو وہی کیا جو مجھے صحیح لگا۔
سورج کی روشنی کی ضرورت نہیں پڑیگی۔عروہ حسین کی ویڈیو وائرل
اپنے کردار کے متعلق اداکار فرحان سعید نے کہا کہ سچ پوچھیں تو میرے سوشل میڈیا پیغام کا مقصد آپ سب کا شکریہ ادا کرنا ہے جنہوں نے میرے کردار کو پسند کرکے اسے یو ٹیوب پر لاکھوں کی تعداد میں دیکھا اور ہر قسط سے قبل مختلف ممالک میں ٹرینڈز بنائے۔
معروف اداکار فرحان سعید نے کہا کہ میرا کردار اس وقت تک عام ہی تھا جب تک کہ آپ لوگوں نے اسے خاص نہیں بنا دیا۔ اس میں جتنی محبت اور کامیابی ہے، وہ آپ سب کی دی ہوئی محبت کی وجہ سے ہے۔ میں اپنی ساتھی فنکارہ ہانیہ عامر کا بھی شکر گزار ہوں۔
اداکار فرحان سعید نے کہا کہ ہانیہ عامر نے ہالہ کے کردار کی ذہن کو چکرا دینے والی منظر کشی کی جبکہ میرے پسندیدہ ڈائریکٹر قاسم علی مرید کسی بھی چیز کو چھو کر اسے سونا بنانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ ان کا بھی بہت شکر گزار ہوں۔ خوشی ہے کہ ہم نے ایک دوسرے کی صلاحیت کو پہچانا۔
انہوں نے کہا کہ میں ڈرامہ سیریل میرے ہمسفر کی پوری ٹیم کا شکر گزار ہوں جن کی محبت مجھے مستقبل میں آپ لوگوں کیلئے بہت کچھ کرنے کی ترغیب دیتی ہے اور مجھے کوئی شک نہیں کہ مستقبل میں ہم مل کر بہت بڑے مقاصد بھی حاصل کرنے میں کامیاب ہوں گے۔