راولپنڈی میں جنرل ہیڈکوارٹرز میں ایک باوقار اعزازی تقریب کا انعقاد کیا گیا جہاں چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر نے پاکستان آرمی کے افسران اور جوانوں کو ان کی بہادری، جرات، اور قوم کے لیے مثالی خدمات کے اعتراف میں فوجی اعزازات سے نوازا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق اس تقریب میں اعلیٰ فوجی افسران کی بڑی تعداد، شہداء کے خاندانوں اور اعزازات پانے والے اہلکاروں کے عزیز و اقارب نے شرکت کی۔
اس موقع پر ستارہ امتیاز (ملٹری)، تمغہ بسالت سمیت مختلف اعزازات دیے گئے۔ شہداء کے خاندانوں نے اپنے پیاروں کی جانب سے یہ اعزازات فخر اور عزت کے ساتھ وصول کیے۔
اس موقع پر آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے شہداء اور غازیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہداء اور غازی ہماری قوم کا فخر ہیں؛ ہر پاکستانی پر لازم ہے کہ وہ ان کا احترام اور تکریم کرے۔ آج جو امن اور آزادی ہمیں میسر ہے، یہ انہی بہادر سپوتوں کی قربانیوں کا نتیجہ ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ شہداء کی عزت و تکریم ہر پاکستانی کے لیے ایک مقدس امانت ہے۔انہوں نے شہداء کے اہلِ خانہ کی قربانیوں کو سراہا اور ان کے حوصلے، صبر اور استقامت کی تعریف کی اور کہا کہ پوری قوم ان عظیم خاندانوں کی مقروض ہے۔
آرمی چیف نے دہشت گردی کے خلاف پاکستان آرمی اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مسلسل کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ہمارے جوانوں نے متعدد دہشت گرد حملے ناکام بنائے اور اہم دہشت گرد کمانڈرز کو انجام تک پہنچایا۔
انہوں نے پاک فوج کی وابستگی، پیشہ ورانہ مہارت اور قربانیوں کو سراہا اور کہا کہ پوری قوم کو اپنی مسلح افواج پر فخر ہے۔
یہ تقریب نہ صرف اعزازات پانے والوں کے لیے باعثِ فخر تھی بلکہ پوری قوم کے لیے یہ پیغام تھا کہ ہماری مسلح افواج ہر لمحہ پاکستان کی سلامتی، خودمختاری اور امن کے تحفظ کے لیے تیار ہیں۔