اسلام آباد:پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے وزیر اطلاعا ت شبلی فراز کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ عمران صاحب نے چینی چور چارٹرجہاز میں بٹھا کر لندن فرار کرادیا، انہوں نے کہا کہ جھوٹے بیانات سے باشعور عوام کی آنکھوں میں دھول نہیں جھونکی جاسکتی۔
مریم اورنگزیب نے کہاکہ وزیراعظم نے اپنے فیصلوں اور اختیارکے ناجائز استعمال سے چینی چوری کرائی،شوگر مافیا کی وکالت مسلم لیگ (ن) کررہی ہے؟
انہوں نے کہا کہ عمران صاحب نے ملک میں قلت کے باوجود چینی کی برآمد کی اجازت دی،اس حقیقت کو جھٹلانے کے لئے کسے بے وقوف بنانے کی کوشش کررہے ہیں؟۔
چینی چوری کے سرغنہ اعظم صرف اور صرف عمران صاحب ہیں،عمران صاحب قوم کو سستی چینی بھی ایک کروڑ نوکری اور پچاس لاکھ گھر کی طرح دیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ قوم جان چکی ہے کہ دو سال سے انہیں دونوں ہاتھوں سے لوٹا جارہا ہے،قوم کو معلوم ہے کہ چینی، بجلی، گیس، خوراک ہر معاملے میں ان پر ڈاکہ ماراجارہا ہے۔