لاہور: پاکستان کرکٹ ٹیم کے اوپنر امام الحق کے زخمی صائم ایوب کی جگہ لینے کے قوی امکانات ہیں، پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان ہوم ٹیسٹ سیریز کا پہلا میچ 17 جنوری کو ملتان میں کھیلا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) اگلے ہفتے ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے لیے قومی ٹیم کا اعلان کرے گا۔
انتخاب کمیٹی کا اہم اجلاس عاقب جاوید کی وطن واپسی کے بعد متوقع ہے، جو جمعرات کو قومی ٹیم کے ساتھ پاکستان پہنچیں گے۔
ذرائع نے اشارہ دیا ہے کہ زخمی صائم ایوب کی غیر موجودگی میں امام الحق کی ٹیم میں واپسی کے امکانات روشن ہیں، مزید برآں آف اسپنر ساجد خان کو بھی اسکواڈ میں شامل کیے جانے کی توقع ہے جبکہ فاسٹ بولر شاہین آفریدی کی شمولیت کے امکانات پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔
ذرائع یہ بھی بتاتے ہیں کہ کرکٹر عبداللہ شفیق کو ممکنہ طور پر اسکواڈ سے ڈراپ کیا جا سکتا ہے۔
واضح رہے کہ صائم ایوب کے زخمی ہونے کے بعد اسٹار بلے باز فخر زمان کی ٹیم میں واپسی کا امکان روشن قرار دیا جارہا تھا لیکن اب امام الحق کے حوالے سے اطلاعات ہیں تاہم دونوں میں سے کون ٹیم میں شامل ہوگا اس کا فیصلہ ٹیم کے اعلان موقع پر ہی ہوگا۔